کمشنر ملتان کے ایل پی جی کی غیر قانونی ری فلنگ کےخلاف کریک ڈاؤن کے احکامات جاری

ہفتہ 8 مارچ 2025 17:12

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مارچ2025ء) کمشنر ملتان عامر کریم خان نے ایل پی جی کی غیر قانونی ری فلنگ کےخلاف کریک ڈاؤن کے احکامات جاری کر دیئے۔ہفتے کو کمشنر عامر کریم خان کی زیر صدارت ضلعی انتظامیہ،قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایل پی جی و سی این جی کی غیر قانونی فروخت،پٹرولیم مصنوعات کی غیر قانونی سیل کے خلاف کریک ڈاون کرنے اور سکول ومسافر بسوں کی از سر نو فٹنس انسپکشن کرنے کےلئے حکمت عملی بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس دوران احکامات جاری کرتے ہوئے کمشنر ملتان نے کہا کہ سی این جی، ایل پی جی کی غیر قانونی فلنگ کرنے والی دکانوں پر چھاپے مارے جائیں،حفاظتی اقدامات اور ضروری آلات کے بغیرایل پی جی گیس بیچنے والی دکانوں کو سربمہر کر کے ملوث افراد کے خلاف مقدمات کا اندراج کروایا جائے۔

(جاری ہے)

کمشنر ملتان نے گنجان آباد علاقوں میں ایل پی جی کی غیر قانونی ری فلنگ کےخلاف ایکشن لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گنجان آباد علاقوں میں ایل پی جی کنٹینر کھڑا کرنے پر پابندی عائد ہے،غیر قانونی منی پٹرول پمپ مشینیں لگا کر پٹرول و ڈیزل بیچنا بھی غیر قانونی ہے،غیر قانونی منی پٹرول پمپس اور گیس کی غیر قانونی ری فیلنگ کےخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔

انہوں نے ٹریفک پولیس،ضلعی انتظامیہ،سیکرٹری آر ٹی اے اورسول ڈیفنس کو مشترکہ کارروائیاں کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکول بسوں اورمسافر بسوں کی از سر نو فٹنس انسپکشن کی جائے،ڈویژن بھر میں گنجان آباد علاقوں میں غیر قانونی ایل پی جی کنٹینرز کے داخلے پر پابندی پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔کمشنر ملتان نے کہا کہ اوگرا کے لائسنس ہولڈر 245 ایل پی جی باؤزر کی فہرست پولیس کے حوالے کردی گئی ہے۔

کمشنر ملتان نے کہا کہ حادثات سے بچنے کےلئے احتیاط ناگزیر ہے،انسانی جانوں کے تحفظ کےلئے غیر قانونی گیس ری فلنگ سنٹرز اور سلنڈر دکانوں کےخلافکارروائیاں عمل میں لائی جائیں۔علاوہ ازیں ایک اجلاس میں ضلع کونسل، واسا اور میونسپل کارپوریشن حکام کو کھلے مین ہولز کے ڈھکن فوری تبدیل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کمشنر عامر کریم خان نے کہا کہ کھلے گٹر شہریوں کی جان و مال کےلئے خطرہ ہیں،کھلے گٹر کی وجہ سے خدانخواستہ کوئی حادثہ ہوا تو متعلقہ سیکٹر انچارج کےخلاف کارروائی ہوگی۔کمشنر عامر کریم خان نے ضلعی انتظامیہ کو آوارہ کتوں کی تلفی کےلئے اقدامات کرنے کی بھی ہدایت جاری کیں۔