Live Updates

پی ٹی آئی سوشل میڈیا کے کچھ لوگ ڈالروں کیلئے ریاست پرحملہ آور ہیں، شیرافضل مروت کا الزام

باہر بیٹھ کر یہ لوگ اپنے آپ کو شہزور کہتے ہیں اور ڈالر بھی کما رہے ہیں، یہ پروپیگنڈا کرتے ہیں، خبریں کوئی نہیں ہوتی یہ بات کا بتنگڑ بناتے ہیں؛ رکن قومی اسمبلی کا بیان

Sajid Ali ساجد علی پیر 10 مارچ 2025 11:02

پی ٹی آئی سوشل میڈیا کے کچھ لوگ ڈالروں کیلئے ریاست پرحملہ آور ہیں، شیرافضل ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 مارچ 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف سے حال میں نکالے جانے والے رکن قومی اسمبلی شیرافضل مروت نے الزام عائد کیا ہے کہ کچھ لوگ لالچ اور ڈالروں کے چکر میں ہیں اسی لیے پی ٹی آئی سوشل میڈیا کے کچھ لوگ ڈالروں کیلئے ریاست پر حملہ آور ہیں۔ اس حوالے سے ایک بیان میں ان کا کہنا ہے کہ عمران ریاض، شہباز گل، حیدر مہدی اور عادل راجہ جیسے لوگوں نے پارٹی کی ڈائریکشن خراب کی، ان کے علاوہ پی ٹی آئی سوشل میڈیا کے کچھ لوگ بھی ڈالر کے لیے ریاست کو گالیاں دیتے ہیں، باہر بیٹھ کر یہ لوگ اپنے آپ کو شہزور کہتے ہیں اور ڈالر بھی کما رہے ہیں، یہ پروپیگنڈا کرتے ہیں، خبریں کوئی نہیں ہوتی یہ بات کا بتنگڑ بناتے ہیں، کبھی یہ لوگ کہتے ہیں عمران خان کی طبیعت خراب ہے، کان میں انفیکشن ہوگیا، کبھی پروپیگنڈا کیا جاتا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا کھانا بند کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

شیرافضل مروت نے واضح کیا ہے کہ عید کے بعد پی ٹی آئی کے کسی احتجاج میں شریک نہیں ہوں گا، میں نے پی ٹی آئی کو 3 ماہ کے لیے خیرباد کہہ رکھا ہے، 3 ماہ تک پی ٹی آئی کی کسی بھی ایکٹویٹی میں شرکت نہیں کروں گا، پارٹی انتشار کا شکار ہے، فارورڈ بلاک کی باتیں ہورہی ہیں، کچھ لوگ ایسے ہیں جنہیں پی ٹی آئی نے مفت میں بدنام کیا، ایسے لوگوں کو بدنام کیا گیا جن کے نہ ضمیر بکے اور نہ ہی انہوں نے پیسے لیے، پی ٹی آئی ارکان کے خلاف ایکشن لے کر ان کے لیے کیا راستہ چھوڑا گیا۔

رکن قومی اسمبلی کا مؤقف ہے کہ اس وقت صرف خیبر پختونخواہ میں تحریک انصاف کی تنظیم ہے، پی ٹی آئی کی تنظیم دیگر صوبوں میں اب برائے نام رہ گئی ہے، پی ٹی آئی کی پنجاب میں 85 فیصد تنظیم نہیں ہے، نظر آرہا ہے علی امین کےخلاف سازشیں ہورہی ہیں، علی امین پر ہاتھ ڈالا گیا تو پی ٹی آئی خیبرپختونخواہ میں بھی بکھر جائے گی، علی امین گنڈاپور کو لپیٹا گیا تو ان کا بھی پارٹی میں مستقبل نہیں ہوگا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات