بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کا کشمیر کے حوالے سے دیا گیا بیان دنیا کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے، سمعیہ ساجد

پیر 10 مارچ 2025 22:26

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مارچ2025ء) مرکزی چیئرپرسن مسلم کانفرنس خواتین ونگ و کشمیر ویمن الرٹ فورم (کواف) کی چیئرپرسن سمعیہ ساجد نے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کے کشمیر کے حوالے سے دئیے گئے بیان کو مسترد کرتے ہوئے اسے کشمیر کے حوالے سے دنیا کو گمراہ کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔سمعیہ ساجد نے کہا کہ کشمیر ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے،جسکا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہےاور اس کے ثبوت کے طور پر اقوام متحدہ کی ایک درجن سے زائد قراردادیں ہیں،جن پر عملدرآمد کرانا بین الاقوامی برادری کی منصبی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کے بیانیہ کو کشمیر میں دس لاکھ سے زائد بھارتی فوجیوں کی موجودگی، مسلسل جبرو تشدد، جعلی مقابلوں میں کشمیری نوجوانوں کی نسل کشی،انسانی حقوق کی مسلسل سنگین خلاف ورزیاں اور ہزاروں کشمیریوں کی بھارتی جیلوں میں سالہاسال سے قید کشمیریوں کی جائیدادوں کو سربمہر کرنااور ان کو ملازمتوں سے فارغ کرنا غلط ثابت کرتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں سمیت دنیا بھر میں انصاف پسند اقوام بھارت کو کشمیر پرایک قابض ملک سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اقوام عالم کو اس حقیقت کو نظر انداز نہیں کر نا چاہیے کہ خطے میں پائیدار امن کا قیام اسی وقت ممکن ہوگا جب مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے گا،اکیسویں صدی جبکہ دنیا گلوبل ویلج کی حیثیت اختیار کر چکا ہے تو اس ڈیجیٹل دور میں بھی بھارت کشمیر کا مسلم تشخص ختم کرنے اور کشمیریوں پر مسلسل ظلم و ستم اور غیر ریاستی باشندوں کو کشمیر میں آباد کرنے پر تُلا ہوا ہے،اس صورت میں اقوام متحدہ اور جملہ انسانی حقوق کی تنظیموں کی یہ منصبی اور اخلاقی زمداری بنتی ہے کہ وہ بھارت کو ایسا کرنے سے روکے۔