آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ

منگل 11 مارچ 2025 16:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مارچ2025ء) وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت نے سیاسی بردباری اور استحکام کو مدنظر رکھتے ہوئے آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، آرٹیکل 6 کا تعلق غداری اور آئین شکنی سے ہے، اس کے تحت کسی بھی شخص کے خلاف آئینی خلاف ورزی کی بنیاد پر کارروائی کی جا سکتی ہے۔

منگل کو ایوان بالا میں سینیٹر اعظم نذیر کا اپوزیشن لیڈر کے نقطہ اعتراض پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے قانونی کارروائی کے بجائے سیاسی حل کو ترجیح دی ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے منتخب ارکان نے اپنا حلف اٹھایا ،الیکشن کمیشن نے انتخابات کے شیڈول کا اعلان کیا،خیبرپختونخوا میں سنی اتحاد کونسل کا وزیر اعلیٰ بنا،شیڈول جاری ہوا لیکن وزیر اعلی اور سپیکر نے خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس بلانے سے انکار کردیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پشاور ہائیکورٹ نے پیغام جاری کیا اجلاس بلائیں ،جب ملک بھر میں سینیٹ کے انتخابات ہو رہے تھے اس وقت خیبر پختونخوا اسمبلی کے سپیکر نے وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر اجلاس ہی نہیں بلایا،اگر سب کچھ غیر قانونی ہے تو آپ لیڈر آف اپوزیشن کیوں بنے ہوئے ہیں ،متعدد کمیٹیوں کی چیئرمین شپ بھی پی ٹی آئی کے لوگوں کے پاس ہے۔انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 6 میں اگر گنجائش ہوتی تو اس کا اطلاق اس دن ہونا تھا جب وزیر اعظم کے خلاف عدم اعتماد کا ووٹ آیا اور ڈپٹی سپیکر نے اسمبلی تحلیل کردی تھی ،کئی بار یہ بات پی ڈی ایم حکومت میں زیر غور آئی۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے سینیٹرز نہ ہونے کا جواب خیبر پختونخوا اسمبلی کے سپیکر اور وزیر اعلیٰ دیں۔