سرسیدیونیورسٹی نے ڈاکٹر کاشف شیخ کو سرسید یونیورسٹی کے شعبہ کمپیوٹر سائنس و آئی ٹی کا چیئرمین مقرر کردیا

منگل 11 مارچ 2025 17:12

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مارچ2025ء) انجینئرڈاکٹر محمد کاشف شیخ کو سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبہ کمپیوٹر سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کا نیا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔مبارکباد پیش کرتے ہوئے، سرسید یونیورسٹی کے چانسلر محمد اکبر علی خان نے کہا کہ ڈاکٹر کاشف شیخ علم و قابلیت کے علاوہ تدریس کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں جو کمپیوٹر سائنس اور آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کو ترقی و کامیابی کی نئی منزلوں تک لے جانے میں معاون ثابت ہوگا۔

ایک متاثر کن تعلیمی پس منظر اور تحقیق و تدریس میں کامیابیوں کے شاندار ریکارڈ کے ساتھ، ڈاکٹر کاشف شیخ جامعہ میں تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں اہم و نمایاں کردار ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

۔اور درس و تدریس کو عصری تقاضوں کے مطابق جدید طریقوں میں ڈھالنے کی کوشش کریں گے۔۔کمپیوٹرسائنس ایک انتہائی اہم اور جدید شعبہ ہے جس نے انسانی زندگی میں انقلاب برپا کردیا ہے۔

اس فیلڈ میں کیریئر کے وسیع مواقع موجودہیں۔اس موقع پرسرسید یونیورسٹی کے وائس چانسلر جعفر نذیر عثمانی نے کہا کہ ڈاکٹر کاشف شیخ ایک حوصلہ مند اور پرعزم انسان ہیں جن کی قابلیت اور صلاحیتوں کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔امید ہے کہ ان کی قیادت میں طلبا کی تخلیقی و تحقیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے جامع اور مربوط پروگرام بنائے جائیں گے تاکہ سرسید یونیورسٹی کے طلبا عالمی تناظر میں جدید دور سے اپنے آپ کو پوری طرح ہم آہنگ کرسکیں۔

انجینئرڈاکٹر محمد کاشف شیخ نے سرسید یونیورسٹی سے کمپیوٹر انجینئرنگ میں بیچلر کی ڈگری حاصل کی۔بعد ازاں سرسید یونیورسٹی ہی سے سافٹ ویئر انجینئرنگ میں ماسٹرز کرنے کے بعد، انہوں نے ملائیشیا یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے پی ایچ ڈی کیا۔ پھر انہوں نے سرسید یونیورسٹی میں کمپیوٹر انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ میں بطور فیکلٹی شمولیت اختیار کی۔

یہ ڈیٹا مائننگ، مشین لرننگ، ڈیپ لرننگ، آئی او ٹی، سینسرز، پروجیکٹ مینجمنٹ اور موبائل ایپلیکیشنز جیسے شعبوں میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔ ان کے متعدد تحقیقی مقالے مستند جرنلز میں شائع ہوچکے ہیں۔اس کے علاوہ یہ بے شمار کانفرنسوں میں اپنے ریسرچ پیپرز پیش کر چکے ہیں۔۔ تدریس اوررہنمائی کے حوالے سے انہوں نے طلبا پر انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔