اوپن یونیورسٹی میں ’’ریسرچ اینڈ پریکٹسز اِن ایجوکیشن‘‘ پرآٹھویں بین الاقوامی کانفرنس آئندہ ماہ منعقد ہوگی

منگل 11 مارچ 2025 17:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مارچ2025ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ’’ریسرچ اینڈ پریکٹسز اِن ایجوکیشن‘‘ کے موضوع پر دو روزہ آٹھویں بین الاقوامی کانفرنس 8 اور 9 اپریل کو منعقد ہوگی،اس کانفرنس کا مقصد طلبہ کو بامعنی تحقیق کی جانب راغب کرنا اور تعلیم میں جدید رجحانات سے روشناس کرانا ہے۔منگل کو علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ بین الاقوامی کانفرنس تعلیمی میدان میں مکالمے، تعاون اور جدت طرازی کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم بن چکی ہے۔

پچھلی سات کامیاب کانفرنسوں کے بعد اس آٹھویں ایڈیشن کا بنیادی مقصد بدلتی دنیا کے تقاضوں کے مطابق تعلیمی نظام میں اصلاحات پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔کانفرنس کا تھیم ’’بدلتی دنیا کے لیے تعلیم کی اصلاح‘‘ رکھا گیا ہے جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ تکنیکی ترقی، سماجی و اقتصادی تبدیلیوں اور ماحولیاتی چیلنجز کے تناظر میں تعلیمی نظام کا ازسرنو جائزہ لینا ناگزیر ہو چکا ہے،تعلیم کی بہتری اور تعلیمی پیراڈائمز میں جامع تبدیلی وقت کی اہم ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

یہ کانفرنس ایک عالمی سطح پر تعلیمی ماہرین، پالیسی سازوں اور محققین کے درمیان مکالمے کو فروغ دینے کی کوشش کرے گی تاکہ یہ جانا جا سکے کہ جدید دور کے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے تعلیمی نظام کو کس طرح بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ اس بات پر بھی غور کیا جائے گا کہ تعلیم کو نئی جہتوں سے روشناس کروا کر ایک بہتر اور مستحکم مستقبل کی بنیاد کیسے رکھی جا سکتی ہے۔یہ کانفرنس تعلیم کے شعبے میں تحقیق اور عملی پہلوئوں کو یکجا کرتے ہوئے ایسے عملی حل پیش کرنے کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی جو تعلیم کے ذریعے مثبت سماجی تبدیلی لانے میں مدد دے سکیں۔

متعلقہ عنوان :