کنٹرولر امتحانات تعلیمی بورڈ راولپنڈی تنویر اصغر اعوان کےمختلف امتحانی مراکز کے دورے

منگل 11 مارچ 2025 19:08

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مارچ2025ء) کنٹرولر امتحانات تعلیمی بورڈ راولپنڈی تنویر اصغر اعوان نے امتحان میٹرک فرسٹ اینول 2025 کے سلسلہ میں مختلف امتحانی مراکز کے دورے کیے۔ انہوں نے تعلیمی بورڈ کی جانب سے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ چار امیدواران نقل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ہیں جن میں محمد واثق، وسیم اختر اور محمد وجاہت شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ان کے خلاف یو ایم سی کیس رجسٹرڈ کر کے ڈسپلن برانچ بورڈ آفس کو ارسال کر دیا گیا ہے جبکہ امیدوار ملک احد نواز کی جگہ قاسم عباسی پرچہ دیتے ہوئے رنگ ہاتھوں پکڑا گیا۔ ان دونوں کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج کروا دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ امتحان میٹرک فرسٹ اینول حکومت پنجاب کی طرف سے جاری کردہ زیرو ٹالرینس پالیسی کے مطابق لیا جار رہا ہے۔

تمام امتحانی مراکز کی مؤثر اور جامع نگرانی کی جا رہی ہے اور اسپیشل برانچ بھی مختلف امتحانی مراکز کی رپورٹس روزانہ کی بنیاد پر بورڈ آفس کو ارسال کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امتحانی ایس او پیز پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق میرٹ اور شفافیت کو جانچتے ہوئے امتحان میٹرک فرسٹ اینول 2025 میں مثبت اقدامات اٹھائیں ہیں۔