توہین آمیز اور غیر ذمہ دارانہ بیانات سے اساتذہ کی عزت و احترام مجروح ہوتی ہے، میاں طارق جمیل

اساتذہ کو کسی بھی قوم کا معمار سمجھا جاتا ہے اور ان کا عزت واحترام کرنا ہمارا فرض ہے، سماجی رہنمائوں کی صحافیوں سے گفتگو

بدھ 12 مارچ 2025 14:50

ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مارچ2025ء)عوامی ویلفیئر سوسائٹی سانگلہ ہل کے صدر میاں طارق جمیل، مدینہ ویلفیئر سوسائٹی کے صدر محمد عرفان ورک و دیگرعلمی ادبی تنظیموں کے عہدیداروں نے رکن پنجاب اسمبلی امجد علی جاوید کے اساتذہ بارے میں دیے گئے توہین آمیز بیان پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا اور اس کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے توہین آمیز اور غیر ذمہ دارانہ بیانات سے نہ صرف اساتذہ کی عزت و احترام مجروح ہوتی ہے بلکہ یہ ہماری قومی تعلیم کے معیار کو بھی نقصان پہنچاتا ہے،اساتذہ کو کسی بھی قوم کا معمار سمجھا جاتا ہے اور ان کا عزت واحترام کرنا ہمارا فرض ہے،انہوں نے کیا کہ اساتذہ کی محنت اور قربانیاں قوم کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور اس قسم کے بیانات سے اساتذہ کی عزت نفس کو مجروح کرنا کسی بھی طور پر قابل قبول نہیں، انہوں نے مزید کہا کہ اس قسم کے بیان کو کارروائی سے حذف کرنے کی بجائے حکو مت کو فوری طور پر ایکشن لینا چاہیے اور رکن پنجاب اسمبلی کے خلاف تادیبی کارروائی کرنی چاہیے تاکہ آئندہ کوئی بھی شخص اساتذہ کی توہین کرنے کی جرات نہ کرے، انہوں نے کہا کہ ہمارے تعلیمی اداروں میں اصلاحات کی گنجائش ضرور ہے، لیکن اس کیلئے اساتذہ کی توہین کرنا یا ان کی محنت کو نظرانداز کرنا بالکل غیر مناسب ہے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ پنجاب اسمبلی اور حکومت پنجاب اس توہین آمیز بیان پر فوری طور پر کارروائی کریں گے تاکہ غیر سنجیدہ اور غیر مہذب بیانات کا سدباب ہو سکے۔