Live Updates

افسوس کہ کچھ عناصر اقتدار کی ہوس میں قومی مفاد کو بھینٹ چڑھا رہے ہیں

انتشاری سیاست کے پیچیدہ ہاتھوں کی عوام کو سمجھ آرہی ہے، عوام کو گمراہ کرنے کیلئے بیانیہ بناتے ہیں پہلے خود تو قانون کا احاطہ کرلیں، دہشتگردوں اور ان کے بیرونی آقاؤں کا گٹھ جوڑ واضح ہے۔ ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 12 مارچ 2025 23:52

افسوس کہ کچھ عناصر اقتدار کی ہوس میں قومی مفاد کو بھینٹ چڑھا رہے ہیں
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 12 مارچ 2025ء ) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ آج شام کو حتمی کلیئرنس آپریشن میں تمام مسافروں کو بازیاب کرایا گیا،ریلوے حکام کے مطابق جعفر ایکسپریس میں 440 افراد موجود تھے، سکیورٹی فورسز کے پہنچنے سے قبل دہشتگردوں نے 21 مسافروں کو شہید کیا۔ دنیا نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بولان میں 11مارچ کو دہشتگردوں نے ریلوے ٹریک کو نشانہ بنایا، ریلوے ٹریک کو دھماکے سے اڑا کر ٹرین کو روکا گیا، دہشتگردوں نے 11مارچ کو دن ایک بجے کے قریب ٹرین کو روکا۔

ریلوے حکام کے مطابق جعفر ایکسپریس میں 440 افراد موجود تھے، سکیورٹی فورسز کا آپریشن کا میاب ہوگیا ، یرغمالیوں میں کسی ایک کو بھی نقصان نہیں پہنچا۔

(جاری ہے)

علاقہ دشوار گزار اور آبادی روڈ سے دور ہے، آپریشن انتہائی مہارت اور احتیاط کے ساتھ کیا گیا۔ آپریشن میں پاک آرمی، ایئرفورس، ایف سی اور آج ایس ایس جی کمانڈوز نے حصہ لیا۔ دہشتگردوں نے 21مسافروں کو شہید کیا، ٹرین مسافروں کی شہادتیں سکیورٹی فورسز کے آپریشن سے پہلے ہوئیں۔

مجموعی طور پر ایف سی کے 4 اہلکار شہید ہوئے، دہشتگردوں نے مسافروں کو انسانی شیلڈ کے طور پر استعمال کیا، سکیورٹی فورسز نے موقع پر موجود 33 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔کل شام تک 100 کے قریب مسافروں کو بازیاب کرایا گیا تھا، اسی طرح آج دن میں بھی بڑی تعداد میں مسافروں کو بازیاب کرایا گیا ہے، آج شام کو حتمی کلیئرنس آپریشن میں تمام مسافروں کو بازیاب کرایا گیا۔

جعفرایکسپریس پر حملے کے بعد گیم کے رولز تبدیل ہوچکے ہیں، ایسے دہشتگردوں کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا۔ ایسے دہشتگردوں کا دین اسلام ، پاکستان اور بلوچستان سے کوئی تعلق نہیں۔دہشتگرد افغانستان میں ماسٹرمائنڈ سے سیٹلائٹ کے ذریعے رابطے میں تھے۔ حیوانی دہشتگرد اپنے بیرونی آقاؤں کی ایماء اور سہولتکاروں پر دہشتگردی کررہے ہیں، کسی کو ہرگز اجازت نہیں دی جاسکتی کہ وہ پاکستان کے معصوم شہریوں کو سڑکوں ، ٹرین اور بازاروں میں بیرونی آقاؤں کی ایماء یہ کرتے ہیں ،  دہشتگردوں اور ان کے بیرونی آقاؤں کا گٹھ جوڑ واضح ہے، جیسے ہی واقعہ ہوا بھارتی میڈیا پر پرانی ویڈیوز اور تصاویر چلائی گئیں۔

افسوس کہ کچھ عناصر اقتدار کی ہوس میں قومی مفاد کو بھینٹ چڑھا رہے ہیں، انتشاری سیاست کے پیچیدہ ہاتھوں کی عوام کو سمجھ آرہی ہے، عوام کو گمراہ کرنے کیلئے بیانیہ بناتے ہیں پہلے خود تو قانون کا احاطہ کرلیں۔کچھ مخصوص عناصر اپنے سوشل میڈیا کو ایکٹو کرلیتے ہیں،دہشتگردی کے عمل کیلئے بے بنیاد جواز پیدا کرتے نظر آرہے ہیں۔ موقع پر موجود تمام دہشتگرد ہلاک کردیئے ہیں، اب علاقے اور ٹرین کی کلیئرنس بم ڈسپوزل اسکواڈ کررہا ہے۔
Live جعفر ایکسپریس حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات