وزیراعظم رمضان ریلیف پیکیج 2025 کی ادائیگیاں 14 مارچ تک مکمل ہونی ہیں، زونل ڈائریکٹر بی آئی ایس پی آزادکشمیر

جمعرات 13 مارچ 2025 17:06

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2025ء) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام آزاد کشمیر کے زونل ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالعزیز قریشی نے جمعرات کو آزاد کشمیر بھر کے مستحقین اور عوام کی سہولت کے پیش نظر ای کچہری سیشن کا انعقاد کیاجس میں انہوں نے وزیراعظم پاکستان رمضان ریلیف پیکیج (PMRRP 2025)کے حوالے سے بھی تفصیلات فراہم کیں اور مستحقین کے براہ راست سوالات کے جوابات دیے۔

ای کچہری کے دوران زونل ڈائریکٹر بی آئی ایس پی نے کہا کہ وزیراعظم رمضان ریلیف پیکیج 2025 ملک بھر میں 3 مارچ سے شروع کیا گیا ہے، جس کے تحت ادائیگیاں دو مختلف طریقوں سے کی جا رہی ہیں۔ ایک والٹ اکاؤنٹس اور لیمیٹڈ مینڈیٹ اکاؤنٹس(ایل ایم اے) اس ضمن میں انہوں نے واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم رمضان ریلیف پیکیج 2025 کی ادائیگیاں جمہ، 14 مارچ 2025 تک مکمل ہونی ہیں اس کے بعد یہ پیکیج ختم کر دیا جائے گا، اور اگر فوری اقدامات کے تحت شناخت شدہ خاندانوں نے بروقت پیسے وصول نہ کئے تو سیکڑوں مستحق خاندان اس امداد سے محروم رہ سکتے ہیں انہوں نے بینظیر تحصیل دفاتر سے،کالز اور پیغامات وصول کرنے والے مستحقین کو کہا کہ وہ اگلے دو دونوں میں اپنی رمضان پیکیج کی رقوم بسپ تحصیل دفاتر میں قائم کیمپ سائٹ سے وصول کر لیں۔

(جاری ہے)

لمیٹڈ مینڈیٹ اکاؤنٹس (ایل ایم اے) کے حوالہ سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالعزیز قریشی کا کہنا تھا کہ بی آئی ایس پی کی ذمہ داری ایل ایم اے اکاؤنٹس ہولڈرز کی نگرانی اور متحرک کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی بروقت ادائیگی کو ممکن بنانا ہے۔ان مستحقین کا مکمل ریکارڈ متعلقہ فیلڈ دفاتر کو فراہم کر دیا گیا ہے اور بی آئی ایس پی شفافیت اور کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز نے ادائیگیوں کے لئے ایک جامع ایس او پی جاری کیا ہے، جس کے مطابق تمام ایل ایم ای اکاؤنٹس ہولڈرز کی ادائیگیاں صرف بی آئی ایس پی دفاتر میں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے مزید واضح کیا کہ بی آئی ایس پی کے دفاتر میں نہ تو کسی قسم کی سمز فروخت کی جاتی ہے اور نہ ہی کٹوتی کی جاتی ہے تاہم، اگر کسی مستحق کو ایسی کسی غیر قانونی سرگرمی کا سامنا ہو تو فوری طور پر بی آئی ایس پی کے متعلقہ تحصیل و ضلعی دفاتر کو اطلاع دے تاکہ ضروری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام عوامی فلاح و بہبود کے لئے اپنی خدمات جاری رکھے ہوئے ہے اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے۔ ڈاکٹر عبدالعزیز قریشی نے والٹ اکاؤنٹ کے حوالہ سے بتایا کہ وزیراعظم رمضان ریلیف پیکیج کی ادائیگی بذریعہ ٹیلی نار ایزی پیسہ ڈیوائسز اور ایچ بی ایل کنیکٹ ڈیوائسزاور بینک الفلاح کی الفا ڈیوائسزمستحقین تک پہنچ رہی ہیں۔ والٹ اکاؤنٹ رقوم کی ادائیگی کے لئے مستحقین کو بذریعہ 9999 پیغامات بھیجے جا چکے ہیں وفاقی حکومت والٹ اکاؤنٹ ادائیگیوں کی مانیٹرنگ کے حوالہ سے کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرینس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔