داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی کی سانحہ جعفر ایکسپریس کی مذمت اور افواج پاکستان سے اظہاریکجہتی کے لئے ریلی

جمعہ 14 مارچ 2025 18:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2025ء)داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹس افیئرز کے اہتمام جامعہ داؤد میں جعفر ایکسپریس ٹرین پر حملے کی مذمت اور افواج پاکستان سے اظہاریکجہتی کے لئے مرکزی لان سے پیپلز چورنگی تک ریلی کا انعقادکیا گیا۔ ریلی کی قیادت جامعہ داود انجینئرنگ کی وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر ثمرین حسین (تمغہ امتیاز)نے کی جس میں یونیورسٹی کے پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالوحید بھٹو، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر سید آصف علی شاہ ، ڈین فیکلٹی آف پی ایم سی پروفیسر ڈاکٹر راشد مصطفی کورائی ، ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئرز اینڈ سیکورٹی انجینئر صدام علی کھچی ، اساتذہ ، طلبا اور ملازمین کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ریلی کے شرکا نے ہاتھوں میں بینرز اٹھارکھے تھے جس پر دہشت گرد حملے کی مذمت ، پاکستان زندہ باد ، پاک فوج زندہ باد اور دہشت گردی نہ منظورکے نعرے درج تھے۔ اس موقع پر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر ثمرین حسین نے کہا کہ مسافروں وشہریوں کی باحفاظت بازیابی ہمارے سیکورٹی اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا منہ بولتاثبوت ہے جس پرہم تمام سیکورٹی اداروں اور بالخصوص افواج پاکستان کو خراج تحسین کرتے ہیں۔

دہشت گردی کے سدباب کے لئے عسکری اداروں کی لازوال قربانیوں کا سلسلہ تواترکے ساتھ جاری ہے۔پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،دہشت گرد اس طرح کی بزدلانہ کاروائیوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں کرسکتی۔دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا،ہم سب کو دہشت گردی کے خاتمے کے لئے متحدہونے کی ضرورت ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنائے بغیرپاکستان کی معاشی ترقی ممکن نہیں۔ ریلی کے اختتام پر سانحہ جعفر ایکسپریس کے شہدا کی بلنددرجات اور ملک کی سلامتی وبقا کے لئے دعاکی گئی۔