مذاکرات کا موقع ہم نے نہیں حکومت نے ضائع کیا ہے،بیرسٹر گوہر

بانی پی ٹی آئی سے چھ مہینے سے کسی ایک شخص کو بھی نہیں ملوایا گیا، بچوں سے بھی ریگولر بات نہیں ہوتی‘میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 15 مارچ 2025 22:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مارچ2025ء) چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہرنے کہا ہے کہ مذاکرات کا موقع ہم نے نہیں حکومت نے ضائع کیا ہے،بانی پی ٹی آئی سے چھ مہینے سے کسی ایک شخص کو بھی نہیں ملوایا گیا، بچوں سے بھی ریگولر بات نہیں ہوتی۔ چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے چار دسمبر کو مزاکرات کے لیے کمیٹی بنائی 23 دسمبر کو پہلی میٹنگ ہوئی،دو جنوری کو دوسری اور سولہ جنوری کو تیسری میٹنگ ہوئی، ہم نے حکومت کے آگے دو مطالبات رکھے تھے، حکومت نے مطالبات لکھے ہوئے مانگے تو ہم نے لکھے ہوئے دیے، بانی پی ٹی آئی نے کہا تھا کہ حکومت اگر کمیشن بنانے کے لیے آمادگی کا اظہار کرتی ہے تو ہم ان کے ساتھ بیٹھیں گے، سپیکر صاحب کو معلوم ہے کہ یہ موقع ہماری طرف سے ضائع نہیں ہوا حکومت نے ضائع کیا ہے۔

(جاری ہے)

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے چھ مہینے سے کسی ایک شخص کو بھی نہیں ملوایا گیا، بانی پی ٹی آئی کی بچوں سے بھی ریگولر بات نہیں ہوتی، ہم اس پر بارہا کہہ چکے ہیں کہ یہ کورٹ کے آرڈر اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ایسی پارٹی نہیں کہ لوگوں پر قدغنیں لگائے، ہماری پارٹی میں جمہوریت ہے جو شحص جس پوائنٹ پر بات کرنا چاہتا ہے کھل کر کرتا ہے، ہم جو فیصلہ کرتے ہیں تو پارٹی میں سب لوگ اس کو تسلیم کرتے ہیں۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کل بہت اچھی پریس کانفرنس کی ہے۔ سکیورٹی فورسز نے بہت اچھا رول پلے کیا ہے اور ایک بہت بڑے سانحے سے بچایا یے، آرمی سکول کی طرح ایک اور سانحہ ہو سکتا تھا،سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کر کے سانحے سے بچایا۔