فیصل آباد،ٹریفک حادثات میں کم سن بچے سمیت دو افراد جاں بحق‘ جبکہ دو بری طرح زخمی ہو گئے

منگل 18 مارچ 2025 15:42

فیصل آباد،ٹریفک حادثات میں کم سن بچے سمیت دو افراد جاں بحق‘ جبکہ دو ..
مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2025ء)ٹریفک حادثات میں کم سن بچے سمیت دو افراد جاں بحق‘ جبکہ دو بری طرح زخمی ہو گئے‘ حادثات کے مرتکب ڈرائیور موقع سے فرار ہو گئے، پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیں جبکہ ریسکیو1122 کی ٹیموں نے زخمیوں کو تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچا دیا۔ تفصیل کے مطابق 435 گ ب کے رہائشی 40سالہ محمد عامر اپنے عزیزوں 35سالہ عرفان اور 25 سالہ عبدالعزیز کے ہمراہ کار پر جا رہا تھا کہ جب وہ تاندلیانوالہ کینال روڈ کھوبھٹیاں سٹاپ کے قریب پہنچا تو تیز رفتاری کے باعث سامنے سے آنیوالی ٹریکٹر ٹرالی جس کی لائٹس نہ ہونے کی وجہ سے ٹکرا گئے، حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو کار سے نکالا تو 40سالہ محمد عامر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ چکا تھا۔

(جاری ہے)

کار بری طرح تباہ ہو گئی جبکہ دوسرے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال پہنچا دیا جبکہ دوسرا حادثہ تھانہ بچیانہ کے علاقہ 562 گ ب کے قریب پیش آیا جہاں پر تیز رفتار ویگن نے بس سٹاپ پر کھڑے 6سالہ میندر سنگھ ولد کرشن سنگھ کو کچل دیا، جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر کے حادثات کے مرتکب ڈرائیورز کی تلاش شروع کر دی ہے۔