جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی 33ویں سنڈیکیٹ میٹنگ میں جدید اصلاحات اور ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

منگل 18 مارچ 2025 21:03

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2025ء)جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی 33ویں سنڈیکیٹ میٹنگ ہفتہ، 15 مارچ 2025 کو وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن کی زیر صدارت منعقد ہوئی۔ وائس چانسلر نے اجلاس کے ایجنڈے کو پیش کیا، جس میں متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔ ان اہم منظوریوں میں وفاقی ایچ ای سی کی جانب سے پیش کردہ ایس اے پی پروجیکٹ کو جامعہ میں نافذ کرنے کا فیصلہ شامل ہے، جو یونیورسٹی کے انٹرپرائز ریسورس پلاننگ (ERP) سسٹم کو جدید بنائے گا، مختلف شعبوں میں دفاتر کے معملات کو مزید موثر اور تیز تر کرے گا۔

سنڈیکیٹ نے پروفیسر ڈاکٹر الہی بخش سومرو کو جامعہ کے سلیکشن بورڈ کے امتیازی رکن کے طور پر مزید دو سال کے لیے نامزد کرنے کی بھی منظوری دی، تاکہ یونیورسٹی میں بھرتی اور ترقی کے عمل میں تسلسل اور استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

سنڈیکیٹ نے 28 دسمبر 2023 کو منعقدہ فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کی 17ویں میٹنگ کے منٹس کی توثیق کی۔ مزید برآں، ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر فاطمہ عابد اور ڈاکٹر بینش عارف کو BPS-20 میں ترقی دی گئی، جبکہ یونیورسٹی کے غیر تدریسی ریگولر ملازمین کی ترقی اور محکمانہ اپ گریڈیشن کی بھی منظوری دی گئی، جو عملے کی فلاح و بہبود اور پیشہ ورانہ ترقی کے لیے یونیورسٹی کے عزم کا مظہر ہے۔

سنڈیکیٹ نے یونیورسٹی کی مالیاتی پائیداری اور ترقی کے لیے ایک پالیسی برائے سرمایہ کاری اپنانے کی منظوری دی، جو جسمو کو طویل مدتی اسٹریٹیجک مالی مواقع تلاش کرنے کے قابل بنائے گی۔ اسی طرح، یونیورسٹی کے اندر چھوٹے پیمانے پر مالی لین دین کے شفاف اور موثر انتظام کے لیے پالیسی برائے پیٹی کیش کی بھی منظوری دی گئی۔ یونیورسٹی کے کانووکیشن کی کوریج اور طلبہ کے پاسپورٹ سائز تصاویر اور پورٹریٹ کے لیے ایک کیمرہ خریدنے کی اجازت بھی دی گئی، تاکہ اہم تقریبات کی بہتر دستاویزی ریکارڈنگ ممکن ہو سکے۔

وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نے اجلاس کے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا، "یہ سنڈیکیٹ میٹنگ انتہائی نتیجہ خیز رہی، اور ہم نے کئی اہم فیصلے کیے ہیں جو ہماری معیاری تعلیمی خدمات کو مزید بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوں گے۔ جامعہ پاکستان میں طبی تعلیم کے شعبے میں قیادت کے اپنے مشن پر قائم ہے اور اپنے عملے و طلبہ کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔" سنڈیکیٹ کی 33ویں میٹنگ نے تعلیمی معیار، عملے کی ترقی اور ادارہ جاتی نمو کے لیے یونیورسٹی کے غیر متزلزل عزم کو اجاگر کیا، جو اسے صوبہ کی ممتاز طبی یونیورسٹی کے طور پر مزید مستحکم کرے گا۔