سپیکر پنجاب اسمبلی کا چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا دورہ، سپورٹس کمپلیکس کی پردہ کشائی ،سالانہ سپورٹس ڈے کا افتتاح

ملک احمد خان نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے مختلف سیکشنز کا بھی دورہ ،بچوں سے ملاقات ،چیئرپرسن سارہ احمد کے اقدامات کو سراہا

بدھ 19 مارچ 2025 01:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2025ء)سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا دورہ کیا، جہاں چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب سارہ احمد نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر سپیکر نے بیورو میں جدید سپورٹس کمپلیکس کی پردہ کشائی کی اور بچوں کے سالانہ سپورٹس ڈے کا باضابطہ افتتاح کیا۔

سالانہ سپورٹس ڈے کے دوران چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں مقیم بچوں اور بچیوں کے لیے مختلف کھیلوں کا انعقاد کیا گیا، جن میں باسکٹ بال، بیڈمنٹن، فٹبال، اتھلیٹکس ٹریک اور دیگر سرگرمیاں شامل تھیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن سارہ احمد نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق بیورو میں مقیم بچوں کو معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پہلی مرتبہ جدید اسپورٹس کمپلیکس میں اسپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کیا جا رہا ہے، تاکہ بچوں کو محفوظ اور صحت مند تفریح کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ چیئرپرسن سارہ احمد نے مزید کہا کہ بطور چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو میرا مشن ہے کہ ہر بچہ ایک محفوظ ماحول میں پروان چڑھے۔ انھوں نے کہا کہ میں سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان کا سپورٹس ڈے کے افتتاح کیلئے وقت نکالنے پر شکریہ ادا کرتی ہوں۔

اس موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے مختلف سیکشنز کا بھی دورہ کیا اور بچوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے چیئرپرسن سارہ احمد کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیورو میں بچوں کے تحفظ اور بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے شاندار کام کیا جا رہا ہے۔سپیکر ملک احمد خان نے کہا کہ چیئرپرسن سارہ احمد کی سربراہی میں چائلڈ پروٹیکشن بیورو بہت اچھا کام کر رہا ہے۔

چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں بچوں کو فراہم کردہ سہولیات کو دیکھ کر خوشی ہوئی۔ سالانہ اسپورٹس ڈے کا انعقاد ایک بہترین اقدام ہے، جو بچوں کی جسمانی اور ذہنی نشوونما میں معاون ثابت ہوگا۔سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا کہ سارہ احمد کو اس ادارے کیلئے مثالی خدمات کیلئے مبارکباد دیتا ہوں۔ مجھے یہاں آکر بہت اچھا لگا۔ انھوں نے کہا کہ بچوں کے سروں پر دست شفقت رکھ کر ان کی جو تربیت کی جارہی ہے، یہ سب باعث ستائش ہے۔

چائلڈ رائٹس کاکس قائم کرکیاسمبلی میں بچوں کیلئے موثر ترین اقدامات کئے ہیں۔ سپیکر ملک احمد خان نے کہا کہ یہ بچے اپنی زندگی میں کامیابی حاصل کریں گے اور اچھے شہری بنیں گے۔ ڈی جی خان میں چائلڈ پروٹیکشن انسٹیٹیوٹ کے قیام کیلئے اپنا کردار ادا کروں گا۔ سپیکر ملک احمد خان نے کہا کہ حکومت بچوں کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور چائلڈ پروٹیکشن بیورو کو مکمل سپورٹ فراہم ہے۔

تقریب کے اختتام پر سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے بچوں کے ساتھ وقت گزارا اور روزہ افطار کیا۔ اس موقع پر سپیکر ملک احمد خان نے بچوں میں عیدی بھی تقسیم کی۔ انہوں نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں مدعو کرنے پر چیئرپرسن سارہ احمد کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ممبران صوبائی اسمبلی پنجاب مہوش سلطانہ، اسما احتشام الحق، سردارمحمد احمد خان، عدنان چٹھہ، سلمی سعید ہاشمی، خرم ورک، سلطان باجوہ، ملک قاسم ندیم، صفیہ سعید، رخسانہ کوثر، نادیہ کھر، عظمی کاردار اور سیکرٹری پنجاب اسمبلی عامر حبیب نے بھی شرکت کی۔ ڈائریکٹر جنرل چائلڈ پروٹیکشن بیورو آفتاب احمد خان، ڈائریکٹر ایڈمن وقار عظیم، ڈائریکٹر پروگرام عثمان اکرم اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔