لبنان: امن فورس یونیفیل کا اہلکار بارودی سرنگ دھماکے میں زخمی

یو این جمعرات 20 مارچ 2025 03:00

لبنان: امن فورس یونیفیل کا اہلکار بارودی سرنگ دھماکے میں زخمی

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 20 مارچ 2025ء) لبنان میں اقوام متحدہ کی عبوری امن فورس (یونیفیل) کا ایک اہلکار بارودی سرنگ کے دھماکے میں زخمی ہو گیا ہے۔

یہ واقعہ جنوبی لبنان کے گاؤں زبقین میں اس وقت پیش آیا جب معمول کے فرائض انجام دیتے اہلکار کا پاؤں ایک بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا۔ زخمی کو فوری طور پر یونیفل کے قریبی مرکز میں پہنچایا گیا جہاں اسے ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد دارالحکومت بیروت کے ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

اقوام متحدہ کے نائب ترجمان فرحان حق نے نیویارک میں صحافیوں کو بتایا ہے کہ زخمی اہلکار کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ یہ واقعہ جنوبی لبنان میں بکھرے اَن پھٹے گولہ بارود سے لاحق ہولناک خطرات کو واضح کرتا ہے۔ یونیفیل نے علاقے میں بارودی سرنگیں صاف کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کر دیا ہے اور آنے والے مہینوں میں یہ کام جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

بلیو لائن پر اسرائیلی کارروائیاں

دوسری جانب، یونیفیل نے لبنان اور اسرائیل کی عبوری سرحد کے متوازی 'بلیو لائن' پر لبنان کے علاقے میں اسرائیل کی جانب سے کی جانے والی سات عسکری سرگرمیوں کی اطلاع دی ہے۔

مشن کا کہنا ہے کہ یہ سرگرمیاں سلامتی کونسل کی قرارداد 1701 کی خلاف ورزی ہیں۔ اسرائیل کو چاہیے کہ وہ علاقے سے اپنی فوج بلاتاخیر واپس بلائے تاکہ اس جگہ لبنانی افواج کی تعیناتی عمل میں آ سکے۔

گزشتہ روز یونیفیل کی فورسز نے جنوبی لبنان میں سات مختلف مقامات پر بڑی تعداد میں راکٹ لانچر، راکٹ پراپیلڈ گرینیڈ اور اسلحے و گولہ بارود کے غیرقانونی ذخائر قبضے میں لیے ہیں۔

پکڑے جانے والے اسلحے کے بارے میں لبنان کی مسلح افواج کو اطلاع دے دی گئی ہے۔

قرارداد 1701 پر عملدرآمد ضروری

یونیفیل کے قیام کو 47 برس مکمل ہونے پر مشن کے سربراہ اور فورس کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل آرولڈو لازارو نے کہا ہے کہ قرارداد 1701 پر مکمل عملدرآمد اسرائیل اور لبنان کے مابین کشیدگی کو روکنے، استحکام برقرار رکھنے اور جنوبی لبنان میں ریاستی عملداری کو مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ کوششوں سے ہی ممکن ہے۔