یوم پاکستان پریڈ محدود پیمانے پر روایتی جوش و جذبے سے منانے کا فیصلہ

اس بار یوم پاکستان پریڈ کو محدود پیمانے پرمنعقد کرنے کا فیصلہ رمضان المبارک کے باعث کیا گیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 20 مارچ 2025 11:27

یوم پاکستان پریڈ محدود پیمانے پر روایتی جوش و جذبے سے منانے کا فیصلہ
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 مارچ 2025ء ) یوم پاکستان پریڈ محدود پیمانے پر روایتی جوش و جذبے سے منانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 23 مارچ کو یوم پاکستان پریڈ محدود پیمانے پر روایتی جوش و جذبہ کے ساتھ منعقد کی جائے گی، یوم پاکستان پریڈ کو محدود پیمانے پرمنعقد کرنے کا فیصلہ رمضان کے باعث کیا گیا ہے، یوم پاکستان پریڈ ایوان صدر کے احاطے میں منعقد کی جائے گی، پریڈ میں تینوں مسلح افواج کے دستے بھرپور شرکت کریں گے۔

ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ صدر آصف علی زرداری یوم پاکستان کی تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے، تقریب میں غیرملکی سفیروں اور دیگر اہم شخصیات کو بھی مدعو کیا گیا ہے، پریڈ میں مسلح افواج کے دستے مہمان خصوصی کو سلامی پیش کریں گے، پاک فضائیہ کے لڑاکا طیارے بھی ایوان صدر کے سامنے فلائی پاسٹ کریں گے، پریڈ میں پاکستان آرمی کا مایہ ناز پائپ اینڈ پرکشن بینڈ اپنے فن کا بھی مظاہرہ کرے گا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ 23 مارچ ایک تاریخی اہمیت کا حامل دن ہے، اس دن کو یومِ پاکستان کے نام سے یاد کیا جاتا ہے، یہ دن صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ برصغیر کی تاریخ کا اہم ترین دن ہے، اس روز قراردادِ پاکستان پیش کی گئی تھی، مینارِ پاکستان اُس تاریخی قرارداد کی نشانی ہے جس کی بنیاد پر برصغیر میں مسلمانوں کے لیے الگ وطن کے حصول کے لیے تحریک شروع کی گئی اور 7 برس کے قلیل عرصے میں برصغیر کے مسلمان اپنا مطالبہ منظور کرانے میں کامیاب رہے، وہی مطالبہ جو اسلامی جمہوریہ پاکستان کے نام سے دنیا کے نقشے پر ابھرا۔

اسی دن کی مناسبت سے ہر سال 23 مارچ کو یومِ پاکستان کے موقع پر پاکستان کی تینوں مسلح افواج بری ، بحری اور فضائیہ کے علاوہ سٹرٹیجک فورسز، عوام کے سامنے اپنی فوجی قوت کا غیر معمولی مظاہرہ کرتی ہیں، تینوں مسلح افواج کا یہ عظیم الشان مظاہرہ دیکھنے والوں میں اعلیٰ سول و فوجی حکام ، سفارت کار، حکومتی شخصیات، سیاسی رہنما اور عوام سب ہی شامل ہوتے ہیں۔