Live Updates

وزیر اعظم کا 10 مئی کو معرکہ حق سے منسوب کرنے کا اعلان

یہ دن ہر سال جوش و جذبے سے منایا جائے گا؛ شہباز شریف کا تقریب سے خطاب

Sajid Ali ساجد علی اتوار 10 مئی 2026 20:49

وزیر اعظم کا 10 مئی کو معرکہ حق سے منسوب کرنے کا اعلان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 مئی2026ء) وزیر اعظم شہباز شریف نے 10 مئی کو معرکہ حق سے منسوب کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن ہر سال جوش و جذبے سے منایا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق معرکہ حق کی فتح کا ایک سال مکمل ہونے پر پاکستان مانومنٹ پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، صدرمملکت آصف علی زرداری وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی تقریب میں شریک ہوئے، سربراہ پاک فضائیہ اور سربراہ پاک نیوی، چیئرمین سینیٹ، سپیکرقومی اسمبلی اور وفاقی وزراء سمیت، غیرملکی سفیر،سول و عسکری حکام سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات بھی موجود تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ دشمن نے رات کی تاریکی میں حملہ کیا، سچائی کا چراغ جھوٹ کی پھونکوں سے بجھایا نہیں جا سکتا، ہماری مسلح افراد نے رات کے اندھیرے میں کیے گئے حملے کا بھر پور جواب دیا، معرکہ حق پر شاندار فتح پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے، بھارت نے پہلگام واقعہ کی بنیاد بنا کر پاکستان پر الزامات کی بوچھاڑ کی اور واقعہ کا آج تک کوئی ثبوت نہ پیش کرسکا، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو عظیم مقام دیا، اِس جنگ کا مختصر خلاصہ بس اِتنا ہے کہ ہر طرف ہمارے شاہینوں کا غلبہ تھا اور ہر جانب دُشمن کے طیاروں کا ملبہ تھا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ آج کے دن ایئر چیف مارشل اور اُن کے شاہینوں کا تذکرہ ضروری ہے، ہمارے شاہین جھپٹے تو دشمنوں کا جانیں بچانا مشکل ہوگیا، 10 مئی کا دن معرکہ حق سے منسوب کرتے ہیں، ہمارے شہدا نے مادرِ وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا، اُن کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، صدر ٹرمپ نے کروڑوں جانوں کو بچانے میں اہم کردار ادا کیا، دونوں ایٹمی ممالک میں جنگ بڑے نقصان کا باعث بن سکتی تھی، ہم خطے میں امن کے خواہاں ہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل کی قیادت کو تاریخ ہمیشہ سنہری حروف میں لکھے گئی، پاکستان نے ہمسایہ برادر ایران ملک میں قیام امن کے لیے بھرپور کردار ادا کیا، جنگ بندی کے حوالے سے ایران کا جواب بھی موصول ہو چکا ہے، چینی صدر شی جنگ پنگ نے ہمیشہ کی طرح مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند اور شہد سے میٹھی ہے۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات