لاہور میں کم عمر اور بغیر لائسنس ڈرائیورز کیخلاف بڑا کریک ڈاؤن شروع، گاڑیاں ضبط کرنے کا حکم

لرنر پرمٹ پر گاڑی چلانے یا زائد المیعاد لائسنس پر 5 ہزار روپے جرمانہ ہوگا، بغیر لائسنس موٹر سائیکل چلانے والوں کو 2 ہزار روپے جرمانہ کیا جائے گا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 10 مئی 2026 20:35

لاہور میں کم عمر اور بغیر لائسنس ڈرائیورز کیخلاف بڑا کریک ڈاؤن شروع، ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 مئی2026ء) لاہور ٹریفک پولیس نے کم عمر اور بغیر لائسنس ڈرائیورز کے خلاف ایک بڑے کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا، سٹی ٹریفک آفیسر سید عبدالرحیم شیرازی کی ہدایت پر شہر بھر میں سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق شہر میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے لاہور ٹریفک پولیس نے بغیر لائسنس اور کم عمر ڈرائیورز کے خلاف سخت کارروائی شروع کر دی ہے، اب کم عمر ڈرائیورز کی گاڑیاں فوری طور پر ضبط کر لی جائیں گی۔

اس حوالے سے سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا ہے کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو بھاری جرمانے ادا کرنے ہوں گے، لرنر پرمٹ پر گاڑی چلانے یا زائد المیعاد لائسنس پر 5 ہزار روپے جرمانہ ہوگا، بغیر لائسنس موٹر سائیکل چلانے والوں کو 2 ہزار روپے جرمانہ کیا جائے گا، موٹر سائیکل پر تین افراد کی سواری کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت کے لیے لائسنسنگ مراکز کو مزید فعال کر دیا ہے، شہر میں 11 ڈرائیونگ ٹیسٹنگ سینٹرز اور 20 سہولتی مراکز کام کر رہے ہیں، عوام کی سہولت کے لیے 2 موبائل وینز بھی شہر میں موجود ہیں، چھٹی کے دن بھی لائسنسنگ دفاتر کھلے رہیں گے تاکہ شہری اپنا قانونی حق حاصل کر سکیں، سی ٹی او لاہور نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے کم عمر بچوں کو گاڑی یا موٹر سائیکل ہرگز نہ دیں، کیونکہ یہ ناصرف قانون کی خلاف ورزی ہے بلکہ ان کی اور دوسروں کی زندگیوں کے لیے بھی سنگین خطرہ ہے۔