Live Updates

احسن اقبال نے پٹرول ڈیزل مہنگا کرنے کا جواز بیان کردیا

جب عوام ٹیکس نہیں دیتے تو حکومت کے پاس کوئی اور طریقہ نہیں ہوتا کہ وہ بجلی کے بلوں سے یا پٹرول سے ٹیکس اکھٹا کرے، حکومت چلانے پر ہونے والے اخراجات پورے کرنے کیلئے لیوی یا کسی اور صورت میں ٹیکس اکھٹا کرنا پڑتا ہے؛ وفاقی وزیر کا مؤقف

Sajid Ali ساجد علی اتوار 10 مئی 2026 22:11

احسن اقبال نے پٹرول ڈیزل مہنگا کرنے کا جواز بیان کردیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 مئی2026ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے پٹرولیم مصنوعات پر عائد پٹرولیم لیوی اور ٹیکسز کے حوالے سے حکومت کا مؤقف بیان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عالمی مارکیٹ کے اثرات سے زیادہ حکومتی ٹیکسز اور لیوی کے نفاذ پر صحافیوں کے تیکھے سوالات کا جواب دیتے ہوئے نئی توجیہہ بیان کردی، انہوں نے واضح کیا کہ ملکی معیشت اور اخراجات کو سہارا دینے کے لیے حکومت کو بالواسطہ ٹیکسز کا سہارا لینا پڑتا ہے۔

ایک صحافی نے ان سے سوال کیا کہ "عالمی سطح پر پٹرول کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود حکومت عوام کو ریلیف دینے کی بجائے اپنا ٹیکس اور لیوی کیوں بڑھا دیتی ہے؟"، احسن اقبال نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ "جب شہری اور مختلف شعبے اپنے واجب الادا ٹیکس ادا نہیں کرتے تو حکومت کے پاس ریونیو اکٹھا کرنے کے لیے کوئی دوسرا طریقہ نہیں ہوتا"۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ "حکومت کو اپنے انتظامی اخراجات پورے کرنے، قرضوں کی ادائیگی اور ترقیاتی کاموں کے لیے فنڈز کی ضرورت ہوتی ہے، اگر براہِ راست ٹیکسز جمع نہ ہوں تو حکومت مجبوراً بجلی کے بلوں اور پٹرولیم مصنوعات پر لیوی لگاتی ہے، حکومت چلانے کے لیے ہونے والے اخراجات کو ہر صورت پورا کرنا پڑتا ہے، اگر ٹیکس نیٹ نہیں بڑھے گا تو عوام کو پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں لیوی کی صورت میں بوجھ اٹھانا پڑے گا"۔

                                                     
Live پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ سے متعلق تازہ ترین معلومات