شاہین آفریدی نے بنگلا دیش کیخلاف ٹیسٹ میچ میں بڑا اعزاز اپنے نام کر لیا

شاہین شاہ آفریدی نے یہ اعزاز صرف 28 ڈبلیو ٹی سی میچز میں حاصل کیا

اتوار 10 مئی 2026 21:45

شاہین آفریدی نے بنگلا دیش کیخلاف ٹیسٹ میچ میں بڑا اعزاز اپنے نام کر ..
ڈھاکہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2026ء) شاہین آفریدی نے بنگلا دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا بڑا اعزاز اپنے نام کر لیا۔پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے مقابلے میں قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے تاریخ رقم کر دی۔بائیں ہاتھ کے تیز گیندباز نے بنگلا دیش کی پہلی اننگز میں تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے جیسے ہی اوپنر محمود الحسن جوائے کو پویلین کی راہ دکھائی، ویسے ہی وہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں 100 وکٹیں مکمل کرنے والے پہلے پاکستانی کرکٹر بن گئے۔شاہین شاہ آفریدی نے یہ اعزاز صرف 28 ڈبلیو ٹی سی میچز میں حاصل کیا، پاکستانی بولرز میں ان کے قریب ترین نعمان علی ہیں جنہوں نے 20میچوں میں اب تک 89وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں مجموعی طور پر سب سے زیادہ وکٹوں کا ریکارڈ ناتھن لائن کے پاس ہے جنہوں نے 55میچوں میں 224شکار کیے ہیں۔ دوسرے نمبر پر پیٹ کمنز ہیں جن کے نام 54میچوں میں 222وکٹیں ہیں جبکہ مچل اسٹارک 52میچوں میں 221وکٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔