10مئی ہماری تاریخ کا سنہری باب ، بھارتی جارحیت پر پاکستان کاردعمل سنہری حروف سے لکھاجائیگا،صدر مملکت

فضائیہ نے دشمن کے 8طیارے مارگرائے، افغان سرزمین کا پاکستان میں دہشتگردی کیلئے استعمال بند ہونا چاہیے،آصف علی زرداری مسئلہ کشمیر حل طلب ایجنڈا ہے،پانی ہمارے 24کروڑعوام کی لائف لائن ،اپنے آبی مفادات کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے، پاکستان فلسطینی عوام کی غیر مشروط حمایت جاری رکھے گا،تقریب سے خطاب

اتوار 10 مئی 2026 21:45

10مئی ہماری تاریخ کا سنہری باب ، بھارتی جارحیت پر پاکستان کاردعمل سنہری ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2026ء) صدر مملکت آصف زرداری نے کہا ہے کہ 10مئی پاکستان کی تاریخ کا سنہری باب ہے، بھارتی جارحیت پر پاکستان کا ردعمل سنہری حروف سے لکھا جائیگا۔اتوارکوآپریشن بنیان مرصوص معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر اسلام آباد میں پاکستان مونومنٹ پر خصوصی تقریب ہوئی۔تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف سمیت فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور مسلح افواج کے سربراہان، اسپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ اور وفاقی وزراء بھی شریک ہوئے۔

مختلف ممالک کے سفیر، سول اورعسکری حکام، شہدا کے لواحقین بھی تقریب میں موجود تھے۔تقریب کے آغاز پر قومی ترانہ بجایا گیا۔ تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستوں نے مارچ پاسٹ کیا اور سلامی پیش کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے مرکزی خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد پاکستان پر جنگ مسلط کی گئی، بھارت نے پاکستان پر بلا اشتعال حملہ کیا، بھارت نے پاکستان کی سول آبادی اور عبادت گاہوں پر حملے کیے، پاک فضائیہ اور پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔

صدر مملکت نے کہاکہ پاکستان کی بہادرافواج کے سپوتوں نے ہمارا سر فخر سے بلند کردیا، ہماری فضائیہ نے دشمن کے 8طیارے مارگرائے، بھارتی جارحیت پر پاکستان کا ردعمل سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔انہوںنے کہاکہ پاکستان ہمیشہ امن کا داعی رہا ہے ،ہم نے عالمی امن کیلئے عملی اقدامات کیے ہیں۔انہوںنے کہاکہ کشمیرپربھارت کا غاصبانہ قبضہ ہے، مسئلہ کشمیر حل طلب ایجنڈا ہے ۔

صدرمملکت نے کہاکہ جنوبی ایشیا میں امن کیلیے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے ،کشمیری عوام کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دینا ہوگا،پاکستان کشمیری عوام کی سفارتی،سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔انہوںنے کہاکہ پانی ہمارے 24 کروڑعوام کی لائف لائن ہے ،اپنے آبی مفادات کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے۔آصف علی زردای نے کہاکہ افغان سرزمین کا پاکستان میں دہشت گردی کیلئے استعمال بند ہونا چاہیے۔صدر مملکت نے پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے فلسطینی عوام کی حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کی غیر مشروط حمایت جاری رکھے گا۔