ہم نے وسائل میں اضافہ کرنا ہے اور مسائل کو کم کرنا ہے،سید یاسر علی گیلانی

ہماری تنظیم کے طور پر انفرادی حیثیت میں کوشش ہونی چاہیے کہ ہم اپنے فرائض دیانتداری سے انجام دیں،راجہ سجاد احمد ایڈووکیٹ

جمعرات 20 مارچ 2025 17:14

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2025ء)آزادجموں وکشمیر گزیٹڈآفیسرز ایسوسی ایشن کی حلف برداری کی تقریب مظفرآباد کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ظہیر الدین قریشی، سیکرٹریز حکومت، سربراہ محکمہ جات، سابق صدر وعہدیداران گزیٹڈ آفیسر ایسوی ایشن،وکلاء، سپریم کورٹ بار، سنٹرل بار مظفرآباد کے عہدیداران، مئیر بلدیہ عظمی مظفرآباد، وائس چئیرمین ضلع کونسل مظفرآباد، پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے نمائندگان،مختلف محکمہ جات کے آفیسران اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔

تقریب میں سابق صدر گزیٹڈ آفیسرز ایسوی ایشن سردار جاوید ایوب نے منتخب ہونے والے گزیٹڈآفیسرز ایسوی ایشن کے عہدیداران سے حلف لیا۔

(جاری ہے)

جبکہ گزیٹڈ آفیسرز ایسوسی ایشن ڈسٹرکٹ مظفرآباد کی باڈی سے نومنتخب صدر نے حلف لیا۔ تقریب سے سرپرست اعلیٰ چوہدر ی محمد طیب، نو منتخب صدر سید یاسر علی گیلانی، نو منتخب چیف آرگنائزر ڈاکٹر راجہ محمد سجاد خان،سابق صدر گزیٹڈ آفیسرز ایسوسی ایشن سردار جاوید ایوب،الیکشن کمشنر میر نصیر، سیکرٹری جنرل ارتضیٰ قریشی،سنئیر ایڈیشنل سیکرٹری تعلیم وسابق سیکرٹری جنرل گزیٹڈ آفیسر ایسوسی ایشن سلیم گردیزی و دیگر نے خطاب کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نو منتخب صدر آزاد کشمیر گزیٹیڈ آفیسرز ایسوسی ایشن سید یاسر علی گیلانی نے کہا ہے کہ ہماری تنظیم اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ حقوق سے پہلے فرائض کی ادائیگی ضروری ہے۔ آزاد کشمیر کے تمام مکاتب فکر مل کر اس ریاست کی ترقی اور خوشحالی میں کردار ادا کرسکتے ہیں۔ہم نے نفرتوں کو ختم کرنا ہے اور اس کا بہترین ذریعہ تمام مکاتب فکر کے مابین ڈائیلاگ ہے۔

سید یاسرعلی گیلانی نے آزاد کشمیر کے تمام جریدہ آفیسران کا بلامقابلہ تنظیم منتخب کرنے اور اعتماد کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں دیرپا ترقی اور عوام کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے معاشرے کے ہر طبقہ اک کردار پے۔ سرکاری ملازمین انتظامیہ کا حصہ ہے اور وہ قانون اور قواعد کے پابند ہیں۔ ہمارے لیے سب سے اہم ریاست اس کے عوام ہیں اور اس کے بعد ہمارے حقوق ہیں۔

ہم صرف ان حقوق کی بات کریں گے جو ائین اور قانون کے مطابق ہوں۔ آزاد کشمیر کے ملازمین اسی ریاست کے باشندے ہیں اور ہمیں اس ریاست کے مسائل اور وسائل کا بھی ادراک ہے۔ ہم نے وسائل میں اضافہ کرنا ہے اور مسائل کو کم کرنا ہے۔ نومنتخب صدر نے کہا کہ جریدہ افیسران کی تنظیم کوئی پریشر گروپ نہیں بلکہ ریاست کے ان افراد کا فورم ہے جو اپنے اپنے شعبہ میں مہارت رکھتے پیں ہم نے اس نظام میں بہتری کے لیے حکومت آزاد کشمیر کو تجاویز دینی ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ ان تجاویز پر عملدرآمد کروائے گی جس نے نہ صرف ریاست کے عام ادمی کو فائدہ ہو گا بلکہ سروس سٹرکچر میں بھی بہتری ائے گی۔

سید یاسر علی گیلانی نے کہا کہ کوئی بھی معاشرہ احتساب اور توازن کے بغیر نہیں چل سکتا لیکن یہ سارا نظام انصاف کے بنیادی اصولوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل کے حل کے لیے ہمیں موثر حکمت عملی اختیار کرنا ہو گی۔ پبلک سروس ڈیلیوری، ادارہ جاتی اصلاحات، مختلف محکمہ جات میں تفاوتوں کے خاتمے اور ملازمین کی فلاح وبہبود کے لیے ہم اقدامات کرنا چاہتے ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تنظیم کے سرپرست اعلی و سیکرٹری حکومت چوہدری محمد طیب نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کا بنیادی مقصد اس ریاست کی ترقی اور یہاں کے عوام کی فلاح و بہبود ہے، حکومت کی پالیسیوں پر عملدرآمد کرنا اور ان کو تجاویز دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون پر عملدرآمد ہی ترقی کا ضامن ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آرگنائزر ڈاکٹر راجہ محمد سجاد خان نے کہا کہ ہماری تنظیم کے طور پر انفرادی حیثیت میں کوشش ہونی چاہیے کہ ہم اپنے فرائض دیانتداری سے انجام دیں۔

آزاد کشمیر کے ٹیکسوں میں ایک بڑا حصہ سرکاری ملازمین کا ہے اور آزاد کشمیر کی معشیت اور کاروبارں کی ترقی میں بھی سب سے بڑا کردار سرکاری ملازمین کا ہے۔ ہماری تنخواہیں ہماری خدمات اور وقت کے عوض ہیں۔ آزاد کشمیر کے سرکاری ملازمین اس ریاست کے لوگ ہیں اور ہم عوام کے مسائل اور مشکلات ڈے بخوبی اگاہ ہیں اور ان کے حل کے لیے اپنے اختیار اور وسائل کے مطابق کوشش کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم جواںدہی کے عمل کو انصاف کے اصولوں اور تقاضوں کے مطابق چاہتے ہیں۔ ہمارے استحقاق قانون نے متعین کیے ہیں اور ہم اپنی ملازمت میں کئی فورمز پر جوابدہ بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں ہماری معمولی غلطی پر تنقید ہوتی ہے وہاں ہم۔یہ توقع بھی رکھنے میں حق بجانب ہیں کہ ہمارے اچھت کام کی ستائش بھی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سروس سٹرکچر میں اصلاحات کی ضرورت ہے نو آبادیاتی نظام والے سٹرکچر کو بدلنا کو گا۔

فائل کے ساتھ سائل کے بجائے سائل تک پنچنے کا نظام بنانا ضروری ہے۔ آزاد کشمیر کے اس خطہ میں رواداری اور برداشت کے ماحول کو فروغ دینے کے لیے سب کو کردار ادا کرنا ہو گا۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان میں دہشت گردی کا مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہونے والے افواج پاکستان کے شہدا، میجر سعد شہید، آزاد کشمیر پولیس کے عبدالروف شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی۔