گاڑیاں سستی ہونے کا امکان

آئی ایم ایف کے مطالبے پر حکومت کی جانب سے درآمدی ڈیوٹیز کم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا

muhammad ali محمد علی جمعرات 20 مارچ 2025 20:14

گاڑیاں سستی ہونے کا امکان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 مارچ2025ء) گاڑیاں سستی ہونے کا امکان، آئی ایم ایف کے مطالبے پر حکومت کی جانب سے درآمدی ڈیوٹیز کم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف کے ایک مطالبے کے نتیجے میں پاکستان میں طویل عرصے بعد گاڑیاں سستی ہونے کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔ ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق حکومت نے آئی ایم ایف کا بڑا مطالبہ تسلیم کر لیا، جس کے تحت آئندہ 5 برس میں اوسط درآمدی ٹیرف ایک تہائی کم کرکے 7.1 فیصد تک لایا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے اضافی کسٹمز ڈیوٹیز مکمل ختم کرنے، ریگولیٹری ڈیوٹیز میں 75 فیصد کمی اور کسٹمز ایکٹ کے پانچویں شیڈول کے تحت رعائتیں واپس لینے پر اتفاق کیا ہے۔ 5 برسوں میں مجموعی اوسط ٹیرف موجودہ 10.6فیصد سے کم کرکے7.1 فیصد پر لائے جائیں گے، جس کا آغاز رواں سال جولائی سے ہوگا۔

(جاری ہے)

آئی ایم ایف کیساتھ اس مفاہمت پر عملدرآمد رواں سال جولائی میں تشکیل پانے والی نئی قومی ٹیرف پالیسی کے ذریعے جبکہ نئی آٹو انڈسٹری ڈویلپمنٹ اور ایکسپورٹ پالیسی پر جولائی 2026 سے ہوگا۔

پاکستان نے آئی ایم ایف کو یقین دہانی کرائی ہے کہ جون کے آخر تک وفاقی کابینہ سے نئی ٹیرف پالیسی کی منظوری حاصل کرلے گا۔ ٹیرف میں کمی پر عملدرآمد آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ہوگا جسے جون میں پارلیمنٹ میں پیش کیا جانا ہے۔ آٹو سیکٹر پر عائد ٹیرف میں بڑی تبدیلیوں سے گاڑیاں سستی ہو جائیں گی۔ بتایا گیا ہے کہ حکومت 2030 تک آٹو انڈسٹری کیلئے غیر ضروری تحفظ ختم کرنے کیلئے پرعزم ہے، حکومت نے کسٹم ڈیوٹی سلیبس کو بھی معقول بنانے کی یقین دہائی کرائی ہے، آٹو سیکٹر کیلئے اوسط ٹیرف 5.6 فیصد تک لایا جائے گا۔

اس اقدام کی بدولت گاڑیوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان کا آٹو سیکٹر گزشتہ 3 سالوں سے بدترین زوال کا شکار ہے۔ تاہم درآمدی ڈیوٹیز میں کمی کے نتیجے میں پاکستان کے آٹو سیکٹر میں دوبارہ سے بہتری کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔