بی جے پی حکومت نے کشمیریوں سے ان کے تمام بنیادی حقوق چھین لئے ہیں ، حریت کانفرنس

انسانی حقوق کونسل بھارتی قابض افواج کو مقبوضہ علاقے میں نہتے کشمیریوں کو خوف ودہشت کا نشانہ بنانے سے روکنے کیلئے بھارت پر دبا ئوڈالے

جمعہ 21 مارچ 2025 13:36

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2025ء) کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بی جے پی حکومت نے فوجی طاقت اور کالے قوانین کے بل پر کشمیریوں کے تمام تمام بنیادی حقوق سلب کر رکھے ہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل پر زور دیا کہ وہ بھارتی قابض افواج کو مقبوضہ علاقے میں نہتے کشمیریوں کو خوف ودہشت کا نشانہ بنانے سے روکنے کیلئے بھارت پر دبا ئوڈالے ۔

انہوں نے اقوام متحدہ پر بھی زور دیا کہ وہ بھارت کو پبلک سیفٹی ایکٹ اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے ایکٹ جیسے کالے قوانین کومنسوخ کرنے پر مجبور کرے جن کے تحت بھارتی فوجیوں کو نہتے کشمیریوں کے قتل عام کی کھلی چھوٹ اور انسانی حقوق کی پامالی پر مکمل استثنیٰ حاصل ہے۔

(جاری ہے)

حریت ترجمان نے کشمیر یوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کے خلاف مذموم مہم چلا کر دنیا کو گمراہ کرنے پر بھارتی میڈیا پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہاکہ جانبداربھارتی میڈیا ہندوتوا بی جے پی اورآر ایس ایس تنظیموں کی ہدایات پرعمل کر رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا بھارت کی ایک ارب سے زائد آبادی میں کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے بارے میں جھوٹا پروپیگنڈہ کر رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی میڈیا مقبوضہ کشمیر کی حقیقی صورتحال کو چھپاکر وہاں نام نہاد امن کی تشہیر کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالے قوانین کے تحت کشمیریوں کو پنجرے میں قید کر کے ان کے بنیادی حقوق چھین لیے گئے ہیں۔

انہوں نے حریت رہنمائوں سمیت ہزاروں کشمیریوں کی مسلسل غیر قانونی نظربندیوں کو نظر انداز کرنے پر میڈیا کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جو نصف دہائی سے زائد عرصے سے بھارت اورمقبوضہ کشمیر کی مختلف جیلوں میں مسلسل قید ہیں ۔حریت ترجمان نے کہاکہ تمام بھارتی سیاسی جماعتیں، افسر شاہی حتیٰ کہ عدالتیں بھی بی جے پی حکومت اور بھارتی میڈیا کے زیر اثر ہیں۔

دوسری جانب بھارتی خفیہ ایجنسیاں بھی تنازعہ کشمیر کو ملازمتوں اور معیشت کے مسئلے کے طورپر پیش کر کے مقبوضہ جموں و کشمیر کی زمینی صورتحال کے بارے میں بھارتی عوام کو گمراہ کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر سے پورے جنوبی ایشیا کے امن کو خطرہ لاحق ہے اورکشمیری عوام کو مسلسل مشکلات کاسامنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حریت کانفرنس نے ہمیشہ تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت اور پاکستان کے درمیان مذاکراتی عمل کا خیرمقدم کیا ہے لیکن انہوںنے کہاکہ مذاکراتی عمل میں کشمیری قیادت کی شرکت ضروری ہے۔

ادھرحریت رہنما غلام نبی وار نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا ہے کہ کشمیری عوام پاکستانی حکومت اور فوجی قیادت کویوم پاکستان کے موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تقسیم ہند سے قبل ہی کشمیری عوام نے اپنے مستقبل کو پاکستان سے وابستہ کرلیاتھا اور اب وہ تکمیل پاکستان کیلئے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں ،کیونکہ قائداعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا۔حریت رہنما سید گلشن احمد نے بھی اسلام آباد میں ایک بیان میں کشمیر کے بہادرعوام کو یوم پاکستان پر سلام پیش کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری اور پاکستانی عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام ہمیشہ پاکستان کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کے لیے دعا گو ہیں۔