اداکارہ نازش جہانگیرکے وارنٹ جاری، گرفتارکرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم

جمعہ 21 مارچ 2025 17:00

اداکارہ نازش جہانگیرکے وارنٹ جاری، گرفتارکرکے عدالت میں پیش کرنے کا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2025ء) لاہور کی مقامی عدالت نے فراڈ کیس اور امانت میں خیانت کرنے کے الزامات کے تحت اداکارہ نازش جہانگیر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرکے انہیں گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔کینٹ کے کچہری جوڈیشل مجسٹریٹ غلام شبیر سیال نے اداکار اسود ہارون کی درخواست پر نازش جہانگیر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔

عدالت نے اداکارہ کو گرفتار کرکے 22مارچ کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم بھی دیا۔اداکار اسود ہارون نے عدالت میں دائر اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ انہوں نے نازش جہانگیر کی جانب 25لاکھ روپے اور کار واپس نہ کرنے کے فراڈ کے معاملے پر پولیس میں مقدمہ بھی دائر کروایا لیکن انہیں انصاف نہیں ملا۔

(جاری ہے)

اسود ہارون کا کہنا تھا کہ نازش جہانگیر نے ان سے دو ماہ کے لیے 25لاکھ روپے اور کار مانگی تھی لیکن ابھی تک انہوں نے انہیں واپس نہیں کی، انہیں اںصاف دلایا جائے اور اداکارہ کو حکم دیا جائے کہ وہ پیسے اور گاڑی واپس کرے۔

اسود ہارون نے اپنی درخواست میں یہ دعویٰ بھی کیا کہ نازش جہانگیر نے پیسے اور کار واپس مانگنے پر انہیں سکندر خان نامی شخص کے ذریعے قتل کی دھمکیاں بھی دلوائیں۔ان کی درخواست پر عدالت نے نازش جہانگیر کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے انہیں ایک روز میں گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔اس سے قبل ستمبر 2024میں ہی لاہور کی سیشن کورٹ نے اسی مقدمے میں عدالت میں پیش نہ ہونے پر نازش جہانگیر کی ضمانت خارج کردی تھی۔

ان کے خلاف ابھرتے ہوئے اداکار اسود ہارون نے فراڈ کا مقدمہ دائر کیا تھا، بعد ازاں ایک انٹرویو میں مذکورہ اداکار نے دعوی کیا کہ انہوں نے گزشتہ چند سال میں نازش جہانگیر کو لاکھوں روپے نقد اور 50لاکھ سے زائد مالیت کی گاڑی اور دیگر قیمتی تحائف بھی دیے، اداکارہ نے انہیں شوبز میں بطور ہیرو متعارف کرانے کا وعدہ کیا تھا۔خود پر فراڈ کے الزامات پر رواں ماہ مارچ کے آغاز میں نازش جہانگیر نے ندا یاسر کے رمضان شو میں خود پر لگے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے دعوی کیا تھا کہ انہیں بلیک میل کرکے ان سے پیسے بٹورنے کی کوشش کی گئی۔