خیبرپختونخوا میں اسکولوں کی حالت زار پر ازخود نوٹس سے متعلق کیس کی سماعت

جمعہ 21 مارچ 2025 22:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مارچ2025ء)سپریم کورٹ کے آئینی بنچ نے خیبر پختونخوا میں اسکولوں کی حالت زار پر ازخود نوٹس سے متعلق کیس میں آئندہ سماعت پر تمام سیکرٹریز کو ذاتی حیثیت میں تحریری وضاحت کے ساتھ طلب کرلیاہے ،آئینی بنچ نے کے پی سیکرٹریز کیخلاف توہین عدالت کی کاروائی کا عندیہ بھی دیاہے ،عدالت نے کہاہے کہ متعلقہ سیکرٹریز بتائیں کہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد کیوں نہیں ہوا،بتایا جائے عدالتی حکم عدولی پر توہین عدالت کی کاروائی کیوں نہ کی جائے، خیبر پختونخوا میں اسکولوں کی حالت زار پر ازخود نوٹس سے متعلق کیس میں سیکریٹری تعلیم کی عدم حاضری پر سپریم کورٹ کے جسٹس جمال خان مندوخیل نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔

عدالت عظمیٰ نے سیکریٹری تعلیم خیبر پختونخوا کو 12 بجے طلب کر لیا۔

(جاری ہے)

جسٹس جمال خان مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ سیکرٹری نہیں ہیں آپ لوگوں نے مذاق بنایا ہوا ہے، ہماری عدالت کا گزشتہ آرڈر پڑھیں وہ کیا ہے، آپ لوگ اس عدالت کے احکامات کو بادر ہی نہیں کر رہے، ایک سیکرٹری اس عدالت کی بات نہیں سن رہا مذاق بنایا ہوا ہے۔ایڈووکیٹ جزل سے مکالمہ کرتے ہوئے جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ پشاور سے سیکرٹری صاحب دو گھنٹے میں آ سکتے ہیں انہیں بلائیں، ہمیں ان کو بلانے کا طریقہ آتا ہے۔

عدالت نے کیس کی سماعت 12 بجے تک ملتوی کر دی جبکہ صوبائی سیکریٹری خزانہ و سیکریٹری مواصلات کو بھی 12 بجے تک طلب کر لیا گیا۔وقفے کے بعد بھی سیکرٹری تعلیم سمیت دیگر سیکرٹریز پیش نہ ہوسکے جس پر سپریم کورٹ کے آئینی بنچ نیخیبر پختونخوا میں اسکولوں کی حالت زار پر ازخود نوٹس سے متعلق کیس میں آئندہ سماعت پر تمام سیکرٹریز کو ذاتی حیثیت میں تحریری وضاحت کے ساتھ طلب کرلیاہے ،آئینی بنچ نے کے پی سیکرٹریز کیخلاف توہین عدالت کی کاروائی کا عندیہ بھی دیاہے ،عدالت نے کہاہے کہ متعلقہ سیکرٹریز بتائیں کہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد کیوں نہیں ہوا،بتایا جائے عدالتی حکم عدولی پر توہین عدالت کی کاروائی کیوں نہ کی جائے،جسٹس جمال مندوخیل نے کہاکہ سیکرٹری مواصلات کی میڈیکل رپورٹ آئی ہے،رپورٹ 11 بج کر 13 منٹ پر بنوائی گئی جب ہم بنچ سے اٹھ چکے تھے،میڈیکل بورڈ بلا کر اس رپورٹ کا جائزہ لے لیتے ہیں،ایڈیشنل ایڈوکیٹ کے پی نے کہاکہ سیکرٹری تعلیم اور سیکرٹری خزانہ ہزارہ انٹرچینج تک پہنچے ہیں،آئینی بنچ نے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر تمام متعلقہ سیکرٹریز پیش ہوں،بعدازاں کیس کی سماعت 9 اپریل تک ملتوی کردی گئی۔