الخدمت فائونڈیشن کے زیر اہتمام مستحق اور یتیم بچوں کو عید کی خریداری کرائی گئی

جمعہ 21 مارچ 2025 20:15

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2025ء)جماعت اسلامی (الخدمت فائونڈیشن ) کے زیر اہتمام مستحق اور یتیم بچوں کو عید خریداری (شاپنگ ) کرانے کیلئے مشن روڈ پر پروگرام ترتیب دیا گیا ، تقریب میں الخدمت فاؤنڈیشن کے سرپرست اور جماعت اسلامی ضلع سکھر کے امیر زبیر حفیظ شیخ ، خیر محمد تنیو و دیگر اراکین سمیت الخدمت فائونڈیشن کی خواتین رضا کار بھی شامل تھی ، مستحق و یتیم بچوں کے ہمراہ انکے والدین بھی ہمراہ تھے جبکہ215سے زائد بچوں نے اپنی مرضی سے پسندیدہ عید شاپنگ کی والدین کی جانب سے الخدمت فائونڈیشن کے اس اقدام کو سراہاتے ہوئے کہا گیا کہ ملک بھر میں مہنگائی کی وجہ سے عام افراد کے لیے عید کی خوشیاں منانا مشکل ہوگیا ہے، الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے مستحق اور یتیم بچوں کو عید کی خریداری کروانے کا اقدام قابل تحسین ہے ، میڈیا سے گفتگو کے دوران جماعت اسلامی ضلع سکھر کے امیر زبیر حفیظ شیخ و دیگر کا کہنا تھا کہ الخدمت فاؤنڈیشن نے رمضان المبارک کے دوران 215 بچوں کو اپنی مرضی سے عید کے کپڑے اور دیگر ضروری اشیائ خریدنے کا موقع دیا، انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن مستحق بچوں کو تعلیم فراہم کرنے کے ساتھ گھریلو راشن اور دیگر ضروریات بھی مہیا کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ عام والدین اپنے بچوں کو اچھے دکانوں پر خریداری کے لیے لے جاتے ہیں، اسی جذبے کے تحت الخدمت کے آرفن سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ بچوں کو بھی عزت و احترام کے ساتھ خریداری کا موقع دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ یتیم اور نادار بچوں کے لیے اس طرح کے اقدامات ان کی خوداعتمادی میں اضافہ کرتے ہیں اور انہیں معاشرے میں ایک باعزت زندگی گزارنے کا احساس دلاتے ہیں۔ یہ عمل دیگر مخیر حضرات اور اداروں کے لیے بھی ایک مثال ہے کہ وہ ضرورت مندوں کی مدد کے لیے آگے بڑھیں اور ان کی خوشیوں میں شامل ہوں۔