شجر کاری کے کلچر کو عام کر کے پنجاب کو سرسبز بنائیں گے ،سپیشل سیکرٹری جنگلات

جمعہ 21 مارچ 2025 20:40

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2025ء) عالمی یوم جنگلات کے موقع پر غازی گھاٹ کے مقام پر محکمہ جنگلات جنوبی پنجاب کے زیر اہتمام تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑا، پارلیمانی سیکرٹری ہائر ایجوکیشن اجمل خان چانڈیہ اور ممبر صوبائی اسمبلی رانا عبدالمنان نے تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر قراۃ العین میمن اور سپیشل سیکرٹری جنگلات رانا رضوان قدیر بھی موجود تھے۔

اس موقع پر سپیشل سیکرٹری جنگلات رانا رضوان قدیر نے بتایا کہ جنوبی پنجاب میں 10 لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے جبکہ اس سال 7 ہزار ایکڑ پر 50 لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ شجر کاری کے کلچر کو عام کر کے پنجاب کو سرسبز بنائیں گے،پاکستان کو موسمی تغیرات سے بچانے کا بہترین حل شجر کاری ہے،محکمہ جنگلات جنوبی پنجاب وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق کام کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

پارلیمانی سیکرٹری برائے ہائر ایجوکیشن محمد اجمل خان چانڈیہ اور ممبر صوبائی اسمبلی رانا عبدالمنان ساجد نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب زیادہ متاثر ہوا ہے،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں حکومت پنجاب عملی اقدامات کر رہی ہے اور اس سلسلے میں ہر سال زیادہ سے زیادہ رقبے پر شجر کاری کی جا رہی ہے ۔ چیف کنزرویٹر محمد نواز سندیلہ نے بتایا کہ غازیگھاٹ کے مقام پر آج عالمی یوم جنگلات کے موقع پر ڈیڑھ لاکھ پودے لگائے جائیں گے اور غازی گھاٹ کے مقام پر محکمہ جنگلات کی جانب سے 1500 ایکڑ پر شجر کاری کی جائے گی۔