پیپلزپارٹی سندھ کا 6 نہروں کے منصوبے کیخلاف 25 مارچ کو سندھ بھر میں احتجاج کا اعلان

ن لیگ کی حکومت نہروں کے منصوبے پر آمرانہ کردار ادا کر رہی ہے، پنجاب حکومت نے چولستان کینال کیلئے بجٹ مختص کرکے غیر آئینی کام کیا ہے، صدرپیپلزپارٹی سندھ نثار احمد کھوڑو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 21 مارچ 2025 22:47

پیپلزپارٹی سندھ کا 6 نہروں کے منصوبے کیخلاف 25 مارچ کو سندھ بھر میں احتجاج ..
کراچی( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔21 مارچ 2025ء ) پیپلز پارٹی سندھ نے سندھو دریائے پر 6 کینالوں کے منصوبے کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کرنے اور 25 مارچ منگل کو سندھ بھر کے تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں احتجاج کا اعلان کردیا ہے۔ یہ اعلان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے وقار مھدی اور عاجز دھامراہ کے ہمراہ جمعے کے روز سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

نثار کھوڑو نے کہا کے پیپلز پارٹی کیجانب سے متنازعہ 6 کینال منصوبے کے خلاف 25 مارچ منگل کو سندھ کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں ریلیاں نکالی جائینگی اور احتجاجی مظاھرے کئے جائینگے۔انہوں نے کہا کے متنازعہ کینال منصوبے کے خلاف احتجاجی جلسے بھی کرینگے اور گلی گلی احتجاج بھی کرینگے۔انہوں نے کہا کے 6 کینالوں کے منصوبے کے خلاف احتجاج کرنے والی جماعتوں اور عوام کو سلام پیش کرتا ہوں اور ان کی جدوجھد کی حمایت کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کے سندھ کی عوام کو اپیل کرتے ہیں کے آئیں مل کر ان کینالوں کے خلاف مشترکہ جدوجھد کریں تاہم سیاسی جماعتوں سے شکوہ ہے کے وہ پیپلز پارٹی پر تو تنقید کر رہے ہیں مگر کینالوں کے منصوبے کے خلاف ریلیاں نہیں نکالی ہیں۔نثار کھوڑو نے کہا کے 6 کینال منصوبے کے خلاف سندھ کا ایک آواز اثر کرے گا اس لئے پیپلز پارٹی احتجاجی تحریک کے سلسلے میں تمام سیاسی جماعتواں اور قومپرستوں سے بھی رابطے کرکے ملاقات کرے گی تاکہ مشترکہ جدوجھد کے ذریعے سندھ کے خلاف منصوبے کو ختم کراسکیں۔

انہوں نے کہا کے کسی بھی آئینی فورم کی منظوری کے بنا چولستان کینال کی تعمیر کا کام شروع کراکے وفاقی حکومت نے آمریت کی یاد تازہ کردی ہے۔ ماضی میں آمر پرویز مشرف نے آئینی فورمز کی منظوری کے بغیر تھل کینال تعمیر کروایا اور اب ن لیگ کی وفاقی حکومت چولستان کینال سمیت 6 کینال منصوبے پر آمرانہ کردار ادا کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کے پنجاب حکومت نے چولستان کینال کے لئے بجٹ مختص کرکے غیر آئینی کام کیا ہے۔

انہوں نے کہا کے پیپلز پارٹی 6 کینالوں کے منصوبے کے خلاف تمام آئینی فورمز، ایوانوں اور سڑکوں پر جدوجھد کرے گی مگر دریائے سندھ پر کسی کو بھی کینال نکالنے نہیں دے گی۔نثار کھوڑو نے کہا کے چولستان کینال منصوبہ کالاباغ ڈیم سے بھی زیادہ خطرناک ہے جس سے سندھ بنجر بن جائے گا۔ جس طرح ماضی میں ن لیگ کی حکومت کو کالاباغ ڈیم سے دستبرداری کا اعلان کرنا پڑا اسی طرح موجودہ ن لیگ کی حکومت کو ان 6 کینال منصوبوں سے دستبرداری کا اعلان کرنا پڑے گا۔

نثار کھوڑو نے ایک سوال کے جواب میں کہا کے کینالوں کے معاملے کو صدر آصف زرداری نے وفاقی حکومت کا یکطرفہ فیصلہ قرار دے کر یہ ثابت کردیا ہے کے صدر زرداری کینالوں کے معاملے میں ملوث نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کے پیپلز پارٹی سے وفاقی حکومت سے علیحدگی کے مطالبے تو ہو رہے ہیں تاہم پیپلز پارٹی وفاقی حکومت کا حصہ نہیں ہے تاہم کینالوں کے معاملے پر پیپلز پارٹی کے ملوث ہونے کے الزامات لگا کر قومی حکومت بنانے کی سازش ہو رہی ہے تاکے ملک میں جمھوری حکومت ختم ہو اور قومی حکومت بن جائے جس کا فواد چودھری اشارہ بھی دے چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کے ماضی میں آمر پرویز مشرف نے ایگزیکٹو آرڈر کے تحت گریٹر تھل کینال بنوایا جس کی پیپلز پارٹی سمیت تمام جماعتوں نے مخالفت کی اور اب آمریت کا دور نہیں ہے اس لئے پیپلز پارٹی ان متنازعہ کینال منصوبے کے خلاف تمام جماعتوں سے مل کر مشترکہ جدوجھد کے لئے تیار ہے جس کے لئے سیاسی جماعتوں سے رابطے اور ملاقاتیں کی جائینگی۔انہوں نے کہا کے پیپلز پارٹی نے سندھ اسمبلی میں 6 کینالوں کے منصوبے کے خلاف سندھ اسمبلی میں قرارداد منظور کرادی ہے اور ہر فورم پر ان کینالوں کے خلاف سندھ کا کیس لڑے گی اور اب سڑکوں پر بھی سندھ کا کیس لڑینگے۔