دہلی پولیس نے گینگسٹر کو ممبئی کی ایک ماڈل کی جعلی پروفائل کے ذریعے لبھا کر گرفتار کرلیا

ہفتہ 22 مارچ 2025 13:02

دہلی پولیس نے گینگسٹر کو ممبئی کی ایک ماڈل کی جعلی پروفائل کے ذریعے ..
نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2025ء)دہلی پولیس نے ایک گینگسٹر کو ممبئی کی ایک ماڈل کی جعلی پروفائل کے ذریعے لبھا کر گرفتار کر لیا۔ایک رپورٹ کے مطابق ڈپٹی کمشنر آف پولیس (کرائم)آدتیہ گوتم نے ایک بیان میں کہا کہ ملزم منوج، جسے عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی اور وہ بار بار پیرول پر رہا ہوتا رہا ہے، اس نے جنوبی دہلی میں ایک افسر سے ملنے کا وعدہ کیا، جہاں سے اسے گرفتار کیا گیا ہے۔

منوج، جو گوگی گینگ کا رکن اور دیپک کا قریبی ساتھی ہے، دہلی، ہریانہ اور راجستھان میں قتل، اغوا اور مسلح ڈکیتی سمیت متعدد مقدمات میں مطلوب تھا۔دیپک تہاڑ جیل کے اندر حریف گینگسٹر تلو تاجپوریا کے قتل کا کلیدی کردار ہے۔بیان کے مطابق یہ جانتے ہوئے کہ منوج سوشل میڈیا پر سرگرم ہے، کرائم برانچ کی ایک خصوصی ٹیم نے ڈیجیٹل آپریشن تیار کیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر آف پولیس نے بتایا کہ ہیڈ کانسٹیبل دنیش اور سکھبیر نے ممبئی کی ایک گلیمرس اداکارہ کے طور پر ایک جعلی سوشل میڈیا پروفائل بنائی اور کئی ہفتوں کی چیٹنگ کے بعد انہوں نے منوج کا اعتماد حاصل کیا۔آخرکار، انہوں نے اسے جنوبی دہلی کے صفدرجنگ انکلیو علاقے میں ملنے کیلئے راضی کیا جب منوج مطلوبہ جگہ پر پہنچا تو وہاں پہلے ہی موجود پولیس کی ٹیم نے اسے گرفتار کر لیا۔

تلاشی کے دوران اس سے دو پستول اور گولیاں برآمد ہوئیں۔پولیس نے بتایا کہ منوج اصل میں ہریانہ کے علاقے مہندر گڑھ کا رہنے والا ہے، اور سنہ 1990کی دہائی میں اپنے خاندان کے ساتھ دہلی کے نانگلوئی علاقے میں آ کر آباد ہو گیا تھا۔اس کا مجرمانہ سفر سنہ 2005میں اس وقت شروع ہوا جب اس نے اپنے دوست چمن لال کے ساتھ مل کر راہول نامی تاجر کو تاوان کے تنازع پر اغوا کر کے قتل کر دیا تھا۔ سنہ 2013میں جرم ثابت ہونے پر اسے عمر قید کی سزا سنائی گئی۔