مقبوضہ کشمیر ،انسانی حقوق کے محافظوں ، صحافیوں کو سخت چیلنجز کا سامنا ہے، پرویز احمد شاہ

ہفتہ 22 مارچ 2025 18:16

جنیوا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2025ء)کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے جنرل سیکرٹری ایڈوکیٹ پرویز احمد شاہ نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کے محافظوں، وکلاء، صحافیوں اور سول سوسائٹی کے ارکان کی حالت زار کا نوٹس لے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ایڈووکیٹ پرویز نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 58ویں اجلاس میں ایجنڈا آئٹم 5 کے تحت خطاب کرتے ہوئے ان لوگوں پر جاری ظلم و ستم کی مذمت کی جنہوں نے مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کے لیے اقوام متحدہ کے ساتھ تعاون کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ علاقے میں انسانی حقوق کے محافظوں، وکلاء، صحافیوں اور سول سوسائٹی کے ارکان کو مسلسل سنگین چیلنجز کا سامنا ہے جنہوں نے اقوام متحدہ کے ساتھ تعاون کیا ہے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا ہے۔

(جاری ہے)

پرویز احمد شاہ نے کہا کہ ان لوگوں کو اب بے بنیاد الزامات کے تحت قید کیا جاتا ہے، انہیں منصفانہ ٹرائل سے نہیں گزار جاتا ہے اورظالموں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا جاتا ہے۔ایڈووکیٹ پرویز احمد نے بھارت پر کڑی تنقید کی جو خود کو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کہتا ہے۔انہوں نے انسانی حقوق کونسل پر زور دیا کہ ان لوگوںکی رہائی کیلئے آواز اٹھائے ۔