پارہ چنار،زیر تعمیر مکان میں دستی بم دھماکہ کے نتیجے میں3 افراد جاں بحق ،ایک زخمی

ہفتہ 22 مارچ 2025 22:47

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2025ء)قبائلی ضلع کرم کے صدر مقام پارہ چنار شہر میںایک زیر تعمیر مکان میں دستی بم دھماکہ کے نتیجے میں3 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔مقامی پولیس کے حوالے سے موصولہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکہ شہر ی علاقہ ڈنڈر روڈ پر ایک زیرتعمیرمکان میں پیش آیاجہاںمبینہ طورپر منشیات کے عادی افراد نے رہائش اختیار کی تھی۔

(جاری ہے)

ہفتہ کے روز ان افراد کے درمیان کسی بات پر تلخ کلامی ہوگئی جس پر کسی ایک نے دستی بم پھینکا جو زوردار دھماکہ سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی لاشیں اور زخمی کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال پارہ چنار منتقل کر دیا گیا ۔ پولیس نے واقعہ کے محرکات جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں سے مکمل تحقیقات شروع کی ہیں اور اطلاعات کے مطابق ایک شخص کو حراست میں لیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کے بعد مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔زخمی کی شناخت سیدجواد کے نام سے بتائی جارہی ہے۔