23 مارچ 1940ء وہ یادگار دن ہے جب ہمارے آبا و اجداد نے ایک علیحدہ اسلامی مملکت کے قیام کا عزم کیا، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

ہفتہ 22 مارچ 2025 22:49

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2025ء) سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ 23 مارچ کا دن ہمارے قومی سفر میں ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے، وہ یادگار دن ہے جب ہمارے آبا و اجداد نے ایک علیحدہ اسلامی مملکت کے قیام کا عزم کیا اور اپنی قربانیوں سے اسے حقیقت میں بدلا، آج ہم اس عزم کی تجدیدکرتے ہیں کہ پاکستان کو ایک ترقی یافتہ، خوشحال اور مستحکم ملک بنائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ میں ایک مقامی کالج میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یومِ پاکستان ہمیں یاد دلاتا ہے کہ یہ ملک ہمیں تحفے میں نہیں ملا، بلکہ اس کے لیے بے شمار قربانیاں دی گئیں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں مسلمانوں نے ایک ایسا خواب دیکھا جو 14 اگست 1947ء کو حقیقت میں بدلا، آزادی کے بعد بھی ہماری ذمہ داریاں ختم نہیں ہوئیں، بلکہ یہ ہماری نسلوں پر ایک ایسا فرض عائد کرتی ہیں کہ ہم پاکستان کی ترقی اور بقا کے لیے دن رات محنت کریں۔

(جاری ہے)

سابق وفاقی وزیر نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ پاکستان ایک نظریے کی بنیاد پر حاصل کیا گیا تھا، ہمیں چاہیے کہ ہم اتحاد، ایمان اور قربانی کے جذبے سے سرشار ہوکر اس ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ تعلیم، تحقیق، سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے بڑھ کر پاکستان کو دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کریں۔انہوں نے کہایہ وقت خود احتسابی کا ہے۔

ہمیں یہ دیکھنا ہوگا کہ ہم بحیثیت قوم کہاں کھڑے ہیں اور ہمیں کس سمت میں جانا ہے۔ ہم اگر اقبال کے خواب اور قائداعظم کی جدوجہد کو حقیقت کا روپ دینا چاہتے ہیں تو ہمیں ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر ملکی ترقی کے لیے کام کرنا ہوگا۔اخر میں انہوں نے کہا آج کے دن ہم عہد کریں کہ ہم پاکستان کو اس کی اصل روح کے مطابق ایک مضبوط، مستحکم اور خوشحال ملک بنائیں گے۔ ہماری آنے والی نسلوں کو ایک ایسا پاکستان دیں گے جہاں امن، ترقی اور خوشحالی کا راج ہوگا۔اللہ تعالیٰ ہمیں پاکستان کی خدمت کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین!پاکستان زندہ باد!