ْصوابی ،اراضی ، مستورات ،ٹک ٹاک تنازعات پر قتل کی الگ الگ وارداتوں میں تین افراد جاں بحق

ہفتہ 22 مارچ 2025 21:30

صوابی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2025ء)ضلع صوابی میں ہفتے کے روز اراضی ، مستورات اور ٹک ٹاک کے تنازعات پر قتل کی الگ الگ وارداتوں میں تین افراد جاں بحق ہو گئے، پولیس تھانہ صوابی کی رپورٹ کے مطابق گلبر خان سکنہ مینہ بانڈہ مانیری بالا نے ایف آئی آر درج کراتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنے چچا خنان خان کے ہمراہ نماز پڑھنے کے بعد واپس گھر جا رہے تھے جب خنان خان کے گھر کے قریب پہنچے تو وہاں عارف ، عامر اور سلمان ساکنان گڈوڈ آباد صوابی موٹر سائیکل پر ہمارے بھتیجے مغز ولد دلبر خان کو اغوا کر رہے تھے ، جس پر ہم ان کو منع کررہے تھے کہ اس دوران تینوں بھائیوں نے ہم پر فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں ان کا 65سالہ چچا خنان خان موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ بھتیجے مغز کو ملزمان نے موٹر سائیکل پر اغوا کرکے لے گئے وجہ عناد مغوی مغز اور ملزمان کے مابین ٹک ٹاک پر تنازعہ بیان کی گئی ہے دریں اثنا پولیس تھانہ کالو خان کی رپورٹ کے مطابق زوجہ شمس القمر سکنہ ڈاگئی نے ایف آئی آر درج کراتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنے گھر میں موجود تھی کہ اس دوران گلی میں فائرنگ کی آواز سن کر جب باہر نکلی ۔

(جاری ہے)

تو ان کا 31 سالہ بیٹا عرفان خون میں لت پت قتل شدہ پڑا تھا ، معلوم ہوا کہ ان کے بیٹے عرفان کو ان کے ماموں فرمان ولد مسافر نے فائرنگ کرکے قتل کیا تھا ، وجہ عناد تنازعہ مستورات بیان کی گئی ہے ،دریں اثنا موضع جلبئی میں اراضی کے تنازعہ پر بھتیجے نے چچا کو کھیتوں میں کام کے دوران فائرنگ کرکے قتل کر دیا ، اصغر سکنہ جلبئی نے تھانہ تورڈھیر میں ایف آئی آر درج کراتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنے 45 سالہ بھائی جوہر علی کے ہمراہ بنگلہ ونڈ ماسم میں واقع اپنے کھیتوں گئے تھے اور وہاں زمینداری کے کام میں مصروف تھے کہ اس دوران اسلحہ آتشین سے مسلح ان کا بھتیجا محمد اذان نے آکر ان کے بھائی جوہر علی پر قتل کی عرض سے فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر جاں بحق ہو گئے ، رپورٹ میں وجہ عناد تنازعہ اراضی بیان کی گئی ہے ، پولیس نے ایف آئی آر درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے ۔