لاڑکانہ، شکارپور پولیس کی کرمنلز کے خلاف کارروائی،دوڈاکو ہلاک ، متعدد زخمی

اتوار 23 مارچ 2025 18:20

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2025ء) ڈی آئی جی پی لاڑکانہ کی دلیرانہ قیادت میں رینج پولیس لاڑکانہ کو ملنے والی کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے۔شکارپور پولیس نے کرمنلز کو ناپاک مقاصد میں ناکام کرتے ہوئے 12 گھنٹوں کے اندر 10لاکھ انعام یافتہ ڈاکو سمیت 2ڈاکو ہلاک جبکہ متعدد ڈاکو زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ملزمان نے پولیس موبائل پر حملہ کرکے سرکاری اسلحہ چھیننے کی کوشش کررہے تھے کہ ایس ایچ او رستم خمیسو خان بروہی اپنے اسٹاف کے ہمراہ و گشتی پولیس موقع پر پہنچے اور ملزمان سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

(جاری ہے)

دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک زخمی ڈاکو کو کلاشنکوف سمیت گرفتار کرلیا۔گرفتار ملزم کی شناخت علی محمد عرف ٹکو ولد لکھمیر گہرانی جتوئی کے نام سے ہوئی ہے۔زخمی ڈاکو کو برائے علاج معالجہ تحصیل ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ ہلاک ڈاکو پر سندھ گورنمنٹ کی جانب سے زندہ یا مردہ 10 لاکھ انعام مقرر تھا۔ہلاک ڈاکو پولیس مقابلے، ڈکیتی، چوری، قتل، اقدام قتل، اغواءبرائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث تھا۔دوسری طرف امروٹ پولیس نے مقابلے کے دوران ایک ڈاکو کو ہلاک کیا تھا جس کی شناخت کی جا رہی ہے۔