وزیر اعلی بلوچستان کاجمعیت علما اسلام کے سینئر رہنما حافظ حسین احمد کے انتقال پراظہار افسوس

اتوار 23 مارچ 2025 22:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2025ء) وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے جمعیت علما اسلام کے سینئر رہنما حافظ حسین احمد کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کی روح کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی اتوار کو جامع مطلع العلوم بروری روڑ گئے جہاں انہوں نے مرحوم کے فرزند اور لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور بلند درجات کے لیے دعا کی ،اس موقع پر وزیر اعلی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حافظ حسین احمد ایک جید عالم دین، منجھے ہوئے سیاستدان اور اتحاد و یکجہتی کے داعی تھے ،انہوں نے ہمیشہ عوامی حقوق، بین المذاہب ہم آہنگی اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے کام کیا ،ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ،میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ مرحوم کی سیاسی، سماجی اور مذہبی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں ،وہ ایک مدبر رہنما تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی عوامی خدمت اور اسلامی تعلیمات کے فروغ کے لیے وقف کر رکھی تھی ،وزیر اعلی نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے ،وزیر اعلی میر سرفراز بگٹی نے مرحوم حافظ حسین احمد سے متعلق اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے ،وزیر اعلی بلوچستان کے ہمراہ صوبائی وزرا اور اراکین اسمبلی بھی موجود تھے۔