بھارت کے غیرقانونی زیرتسلط جموں وکشمیرمیں حریت پسندوں کے گھروں پربھارتی فورسزکے چھاپوں کا سلسلہ جاری

پیر 24 مارچ 2025 15:07

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2025ء) بھارت کےغیرقانونی زیر تسلط جموں وکشمیرمیں بھارتی فورسز نے حریت پسند وں کے گھروں پر چھاپوں اورتلاشی کی کارروائیوں کا سلسلہ پیر کو بھی جاری رکھا۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی فورسزنے بانڈی پورہ کے علاقے نائد کھائی ، شوپیان ،ہندواڑہ، بڈگام کے علاقوں دہرمونہ، وارپورہ، بدرن، کائوسہ خالصہ اور بزگو میں جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی ، تحریک حریت جموں و کشمیر، مسلم لیگ اور پیپلز فریڈم لیگ کے کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے۔

چھاپوں کے دوران بھارتی فورسز نے مکینوں کو ہراساں کیا اور مکانوں کے کاغذات، بینک دستاویزات اور موبائل فون ضبط کرلئے۔ نئی دہلی کی طرف سے مسلط کردہ فرقہ پرست لیفٹننٹ گورنر منہاج سنہا کی سربراہی میں قابض انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ افراد حق خودارادیت کی جدوجہد اور بھارتی تسلط سے آزادی کے مطالبے کی حمایت کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

گھروں پر چھاپوں اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران کارکنوں کے اہل خانہ کو ہراساں اور خوفزدہ کیا گیا اور تحریک آزادی کی حمایت نہ کرنے کی تنبیہ کی گئی۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری بیان میں بھارتی فورسز کے چھاپوں کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ قابض حکام کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو ختم کرنے کے لئے اس طرح کے ظالمانہ ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں لیکن وہ اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام حق خودارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد ہرقیمت پر جاری رکھیں گے۔