سیاست کیلئے ریاست پرحملے کرناہرگز قابل برداشت نہیں، منتخب ایوانوں میں ہوتے ہوئے میدانوں کارُخ کرنا کہاں کی جمہوریت ہے،فرح ناز اکبر

پیر 24 مارچ 2025 23:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2025ء)پاکستان مسلم لیگ(ن) اسلام آباد شعبہ خواتین اسلام آباد کی صدر ورکن قومی اسمبلی ووفاقی پارلیمانی سیکرٹری تعلیم و پروفیشنل ٹریننگ وقومی ورثہ فرح ناز اکبرنے جاری بیان میں کہاہے کہ سیاست کیلئے ریاست پر خودکش حملے کرناہرگز قابل برداشت نہیں، منتخب ایوانوں میں ہوتے ہوئے میدانوں کارُخ کرنا کہاں کی جمہوریت ہے، ہٹ دھرمی اور جارحانہ طرز سیاست ماں جیسی ریاست کیلئے زہر قاتل ہے،بزرگ اور سنجیدہ سیاستدان میثاق ریاست کیلئے اپناکلیدی کردارادا کریں۔

انہوں نے کہاکہ عوام اپنے اپنے سیاسی نظریات پر سمجھوتہ بیشک نہ کریں لیکن ریاست سمیت ریاستی اداروں کو مقدم رکھیں، دفاعی محکموں کیخلاف شیرانگیزبیانات بھی جارحیت کے زمرے میںآ تے ہیں، اگر کوئی سیاستدان اپنی جماعت پر گرفت کی مضبوطی کیلئے آمرانہ اور شخصی فیصلے کرے تو ایسا رویہ بھی قابل مذمت ہے، ملک میں معاشی عدم استحکام یقینا منفی سیاسی مہم جوئی کا شاخسانہ ہے ،مخصوص سیاستدانوں کو اپنی اپنی انا کے خول سے باہر نکلناہوگا،سیاسی دراندازی اور اشتعال انگیزی کے زور پر نفرت کی آگ مزید بھڑکانے کی بجائے قومی مفاہمت کو فروغ دیاجائے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگی رہنما فرح ناز اکبرنے مزید کہاکہ اناڑی یوٹیوبر بھی اپنااپنا چورن بیچنے کیلئے معاشرے میں ہیجان اور افواہوں کا طوفان پیداکررہے ہیں،ان کی اصلاح کے بغیر معاشرے میں فلاح کاخواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا،سوشل میڈیا پوری طرح قابل اعتماد نہیں،عہد حاضر کے فتنوں سے بچائو کیلئے عوام صبرو تحمل ،بردباری اور احتیاط کادامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں، صوبائی خودمختاری کے نام پر صوبائیت اورمنافرت کے سومنات تعمیر کرنا اور وفاق کی راہوں میں نفاق کا بارود بچھانا کہاں کی پاکستانیت اور انسانیت ہے۔

انہوںنے کہاکہ سیاستدان یادرکھیں ایک دوسرے پر تنقید کے نشتربرساتے وقت صوبوں کا نام نہ لیا جائے، صوبوں میں کوئی برائی نہیں تاہم وہاں گورننس اچھی بری ہوسکتی ہے،وزیراعظم ،وزرائے اعلیٰ پر تنقید کرناسیاستدانوں کا جمہوری استحقاق ہے لیکن وفاق اور صوبوں کیخلاف منفی اور متعصبانہ لفاظی کا استعمال ہرگزبرداشت نہیں۔