بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ لوگوں کو استعمال کرنے کے بعد انکی تذلیل کی‘اختر اقبال ڈار

مولانا فضل الرحمن مکار عیار شخص سے دور رہ کر سیاست کریں ورنہ پچھتاوے کے علاوہ کچھ ہاتھ نہ آنے کو ہے

پیر 24 مارچ 2025 23:07

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2025ء)چیئرمین تحریک انصاف نظریاتی اختر اقبال ڈار نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ لوگوں کو استعمال کرنے کے بعد ان کی تذلیل کی ،مولانا فضل الرحمن مکار عیار شخص سے دور رہ کر سیاست کریں ورنہ پچھتاوے کے علاوہ کچھ ہاتھ نہ آنے کو ہے۔انہوںنے پی ٹی آئی اور جے یو آئی کی قیادت کے درمیان ملاقاتوں اور ممکنہ اتحاد پر اپنے ردعمل کاا ظہار کرتے ہوئے کہا کہ اول تو مولانا دھوکہ میں نہ آنے والے ہیں اگر یہ اتحاد ہوجاتا ہے تو میں سمجھتا ہوں کہ یہ ایک مکار کی مکاری کا کام کرجانے اور عقلمند کی عقل پر پردہ پڑ جانے کے مترادف ہوگا ۔

تاریخ گواہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ لوگوں کو استعمال کرنے کے بعد ان کی تذلیل کی اور آنکھیں پھیرنے میں دیر نہ لگائی ہے ۔

(جاری ہے)

مولانا فضل الرحمن اور محمود اچکزئی کو کوسنے صلواتیں اور فقرے بازی تذلیل کو ذہن میں رکھنا چاہئے ۔اختر اقبال ڈار نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی دوستوں انویسٹر بانی کارکنان اسٹیبلشمنٹ سمیت کسی کا نہ ہے اور نہ ہی پاکستان سے مخلص ہے لہٰذا مولانا فضل الرحمن اس مکار عیار شخص سے دور رہ کر سیاست کریں ورنہ کوسنے اور بدکلامی سننے اور پچھتاوے کے علاوہ کچھ ہاتھ نہ آنے کو ہے ،انہوں نے کہاکہ شاہد خاقان عباسی،محمود اچکزئی سمیت عمران کا ساتھ دینے والے مستقل قریب میں اپنا سر پیٹیں گے اور عمران کا ساتھ دینے کو اپنی سنگین غلطی قرار دیں گے۔