فارما زون بننے سے ادویہ سازی کے نئے کارخانے لگیں گے اور ملکی برآمدات بڑھیں گی،صوبائی وزیر صنعت

پیر 24 مارچ 2025 23:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2025ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچرز ایسوسی ایشن کے وفد نےملاقات کی ۔وفد کی قیادت چیئرمین پی پی ایم اے سعد جاوید اکرم کر رہے تھے۔ملاقات میں ادویہ سازی سیکٹر کیلئے علیحدہ فارما زون کے قیام کی تجویز کا جائزہ لیا گیا ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سعد جاوید اکرم نے کہا کہ ادویہ سازی سیکٹر کیلئے ڈیڑھ سو ایکڑ رقبے پر فارما زون بنانا چاہتے ہیں اس فارما زون میں ادویہ سازی کے نئے کارخانے لگیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ ادویہ سازی برآمدات کا اہم سیکٹر ہے اس کی توسیع کیلئے علیحدہ کلسٹر ناگزیر ہے ۔فارما زون کے حوالے سے مکمل پلان آئندہ دو روز میں دیں گے۔ صوبائی وزیرچوہدری شافع حسین نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فارما سیوٹیکل اہم سیکٹر ہے اس میں توسیع کیلئے حکومت ہرممکن تعاون فراہم کرے گی۔

(جاری ہے)

ایسوسی ایشن فارما زون کا پلان دے، اس پر عملدرآمد کیلئے فالو اپ کیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ فارما سیوٹیکل سیکٹر ہزاروں لوگوں کو روزگار فراہم کررہا ہے مزید انڈسٹری لگنے سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے ۔ فارما زون بننے سے ادویہ سازی کے نئے کارخانے لگیں گے اور ملک کی برآمدات بڑھیں گی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ادویہ سازی سیکٹر میں برآمدات بڑھانے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔روزگار کے مواقع بڑھا نے کیلئے صنعتکاری کے عمل کو تیز کرنا ضروری ہے ۔

چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پنجاب میں نئی انڈسٹری اور نئی سرمایہ کاری لانا میرا مشن ہے ۔حکومتی کاوشوں اور کاروبار کیلئے سازگار ماحول کے باعث پنجاب میں نئے کارخانے تیزی سے لگ رہے ہیں ۔سیکرٹری صنعت و تجارت عمر مسعود اورچیئر مین پیڈمک جاوید اقبال بھی ملاقات میں موجود تھے۔وفد میں سینئر وائس چیئرمین پی پی ایم اے شفیق عباسی، میاں اسد شجاع الرحمٰن ،خواجہ شاہزیب اکرم ،میاں خالد مصباح اور دیگر شامل تھے ۔