جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے قیام کیلئے مسئلہ کشمیر کے دیرپا حل ناگزیر ہے ، بیرسٹر سلطان چوہدری

قومی اور بین الاقوامی سطح پر کشمیر کاز کوموثر طورپر فروغ دینے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے،صدر آزادکشمیر

منگل 25 مارچ 2025 13:44

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2025ء)آزادجموں وکشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے قیام کیلئے مسئلہ کشمیر کے دیرپا حل ناگزیر ہے ، کیونکہ دیرینہ تنازعہ کشمیر سے خطے کے امن و استحکام کو خطرہ لاحق ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے دھیرکوٹ میں اپنے اعزاز میں دئیے گے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر کشمیر کاز کوموثر طورپر فروغ دینے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔

نہتے کشمیریوں پر بھارتی قابض فوج کی طرف سے جاری ظلم و تشدد اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق دیرینہ تنازعہ کشمیر کے جلدپائیدار حل پر زوردیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے افسوس ظاہرکیاکہ مقبوضہ کشمیرمیں نہتے کشمیریوں کی جان و مال اور عزت و آبرو بالکل بھی محفوظ نہیں ۔ بیرسٹر سلطان چوہدری نے کہا کہ "بھارت کے غیر قانونی قبضے کو چیلنج کرنے والے آزادی پسند کشمیریوں کو بھارتی فوج جعلی مقابلوں میں شہید کر رہی ہے جبکہ حریت رہنمائوں کو جیلوں میں قید کر کے انکی آواز کو دبایا جارہاہے ۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کو تعلیم، روزگار اور جائیداد کے حقوق بھی چھین رہا ہے ۔ انہوں نے بھارت کے ہتھکنڈوں کو بین الاقوامی قوانین کی صریحا خلاف ورزی قرار دیااورعالمی برادری کو اسکا فوری اور سخت نوٹس لینا چاہیے ۔اپنے حالیہ دورہ برطانیہ اور امریکہ کا حوالہ دیتے ہوئے آزاد کشمیر کے صدر نے کہا کہ انہوں نے بیرون ملک کشمیر کا مقدمہ موثر انداز میں پیش کیا اور واضح کیا کہ جنوبی ایشیا میں امن مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کے بغیر قائم نہیں ہو سکتا ۔