میٹل انڈسٹریز ڈویلپمنٹ سینٹر کا بنیادی مقصد سیالکوٹ کی سرجیکل انڈسٹری میں نئی جدت کو فروغ دینا ہے ، خرم شہزاد اعوان

منگل 25 مارچ 2025 14:38

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2025ء) میٹل انڈسٹریز ڈویلپمنٹ سینٹر سیالکوٹ پروجیکٹ ڈائریکٹر خرم شہزاد اعوان نے کہا ہے کہ جدید دور کے صنعتی تقاضوں کو پورا کرنے کے لئے انسٹی ٹیوٹ میں نئی ٹیکنالوجیز متعارف کروائی گئی ہیں اور فرسودہ کورسز کو اپ گریڈ کیا گیا ہے۔انٹرویو کے دوران انہوں نے اے پی پی کو بتایا کہ پنجاب ٹیوٹا کے زیر انتظام اس وقت مینوفیکچرنگ، مکینیکل ٹیکنالوجی، میکنسٹ ٹونر، میکنسٹ مائیلنگ ، سرجیکل سپیشلائزیشن سی این سی پروگرامنگ سیٹ اپ اینڈ آپریشن، سیفٹی انسپکٹر، آٹو کیڈ ڈرافٹ، انڈسٹریل الیکٹرانکس اور جراحی آلات سمیت دیگر پروگرام شامل ہیں، ان کورسز کا دورانیہ 3اور 6ماہ پر محیط ہے ۔

انہوں نے کہا کہ شعبہ انسٹی ٹیوٹ آف سرجیکل ٹیکنالوجی میں مخصوص نشستوں میں داخل ہونے والے طلبا کو ابتدائی مہارت کی تعلیم بذریعہ کمپیوٹرز دی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ پانچ سال میں ہزاروں مرد اور خواتین نے ٹریننگ کورس حاصل کیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا فارغ التحصیل طلبا کو انٹرنیشنل سرٹیفکیٹ کا اجرا بھی کیا جاتا ہے جس کے باعث روزگار کے سلسلے میں پاکستانی نوجوان خلیج ممالک میں پرکشش تنخواہوں پر کام کرتے ہیں جو ایک ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کا باعث بنتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ فورجنگ ٹریٹمنٹ شاپ، سی این سی آئرن کٹنگ شاپ اور ویکیوم ہیٹ ٹریٹمنٹ جیسی دیگر کام کرنے والی جگہوں پر ورکروں کے حفاظتی انتظامات کو ملحوظ خاطر رکھا جا تاہے تاکہ کسی بھی ناگہانی آفات سے بچا جا سکے۔ انہوں نے بتایا ہے کہ برطانیہ حکومت نے اپنے دور میں یہ ادارہ 1943میں قائم کیا او ادارے کا رقبہ 2.5ایکڑ پر محیط ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اس ادارے کا بنیادی مقصد شہر سیالکوٹ کی سرجیکل انڈسٹری میں نئی جدت کو فروغ دینا ہے اور ترقی کی نئی راہوں کو تلاش کرنا ہے ۔اس موقع پر ایڈمن آفیسر سید متین شاہ اور فوکل پرسن برائے پروجیکٹ ڈائریکٹرعمر فاروق موجود تھے ۔