Live Updates

آسکر ایوارڈ یافتہ فلسطینی ہدایتکار حمدان بلال پر یہودی آبادکاروں کا حملہ، گرفتار کرلیا

منگل 25 مارچ 2025 15:46

رام اللہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2025ء) اسرائیلی فوج نے آسکر ایوارڈ یافتہ دستاویزی فلم ’نو ادر لینڈ‘ کے فلسطین سے تعلق رکھنے والے شریک ہدایت کار حمدان بلال کو گرفتار کر لیا۔ اے ایف پی کے مطابق حمدان بلال کے ساتھی شریک ہدایرکار یوول ابراہم نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ آباد کاروں کے ایک گروہ نے بلال پر حملہ کیا، انہوں نے اسے مارا پیٹا، جس سے اس کے سر اور پیٹ میں چوٹیں آئی ہیں، خون بہہ رہاتھا، بعد ازاں اسرائیلی سپاہیوں نے اس ایمبولینس پر حملہ کیا جسے اس نے زخمی ہونے پر بلایا تھااور وہ اسے لے گئے۔

اس کے بعد سے اس کا کچھ پتہ نہیں ہے۔قبضے کے خلاف کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیم سینٹر فار جیوش نان وائلنس کے مطابق یہ واقعہ مغربی کنارے کے جنوبی گاؤں سوسیا میں پیش آیا، خبر رساں ادارے اے ایف پی کی جانب سے پوچھے جانے پر فوج کا کہنا تھا کہ وہ معلومات کی تصدیق کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

اسرائیلی فلسطینی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’نو اَدر لینڈ‘ نے رواں سال کے اکیڈمی ایوارڈز میں بہترین دستاویزی فلم کا ایوارڈ جیتا۔

اس دستاویزی فلم کی عکس بندی مغربی کنارے کے قریبی علاقے مسفر یاٹا میں کی گئی ہے جس میں ایک نوجوان فلسطینی کو جبری نقل مکانی کا سامنا کرنا پڑ تا ہے، جب اسرائیلی فوج فائرنگ زون کے لیے جگہ بنانے کے لیے اس کی برادری کے گھروں کو مسمار کرتی ہے۔اسرائیلی فوج نے 1980 کی دہائی میں مسفر یاٹا کو ایک ممنوعہ فوجی زون قرار دیا تھا، اسرائیل کے زیر قبضہ مشرقی بیت المقدس کو چھوڑ کر مغربی کنارے میں تقریباً 30 لاکھ فلسطینی اور تقریباً 5 لاکھ اسرائیلی آباد ہیں جو بین الاقوامی قوانین کے تحت غیر قانونی بستیوں میں رہتے ہیں۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات