مارچ اور اپریل کے دوران مہنگائی کی شرح بالترتیب ایک سے 1.5فیصد اور دوسے 3 فیصدتک رہنے کے امکانات ہیں ، وزارت خزانہ

منگل 25 مارچ 2025 15:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2025ء) وزارت خزانہ نے کہاہے کہ جاری اورآئندہ ماہ (مارچ اپریل) کے دوران مہنگائی کی شرح بالترتیب ایک سے 1.5فیصد اور دوسے لیکرتین فیصدتک رہنے کے امکانات موجودہیں ، آنیوالے مہینوں میں برآمدات، درآمدات اور سمندرپارپاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں اضافہ کارحجان جاری رہے گا ۔یہ بات وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ ماہانہ اقتصادی اپ ڈیٹ میں کہی گئی ہے۔

اقتصادی اپ ڈیٹ کے مطابق مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں ترسیلات زر کا حجم 23.96 ارب ڈالر ریکارڈکیاگیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 18.08 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 32.5 فیصد زیادہ ہے۔ برآمدات کا حجم 21.82 ارب ڈالر جبکہ درآمدات کا حجم 38.32 ارب ڈالر رہا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں بالترتیب 7.2 اور 11.4 فیصد زیادہ ہے۔

(جاری ہے)

مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کا توازن 691 ملین ڈالر ریکارڈ کیاگیا۔

براہ راست بیرونی سرمایہ کاری 1.618 ارب ڈالر رہا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 1.148 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 41 فیصد زیادہ ہے۔ مجموعی غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم 1.407 ارب ڈالر ریکارڈکیا گیا جو گزشتہ مالی سا ل کی اسی مدت کے 1.259 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 11.8 فیصد زیادہ ہے۔ 14 مارچ 2025 کوسٹیٹ بینک کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر کا حجم 11.14 ارب ڈالر ریکارڈکیاگیا۔

گزشتہ سال 14 مارچ کو زرمبادلہ کے ذخائر کا حجم 8.18 ارب ڈالر، 14 مارچ 2025 کو ایکس چینج ریٹ 280.2 روپے تھا جو گزشتہ سال 14 مارچ کو 278.8 روپے تھا۔ وزارت خزانہ کے مطابق جولائی سے فروری کے دوران ایف بی آر کے مجموعی محاصل کا حجم 7.34 ٹریلین روپے ریکارڈکیاگیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 5.83 ٹریلین کے مقابلہ میں 25.9 فیصد زیادہ ہے۔ نان ٹیکس ریونیو کا حجم 3.7 ٹریلین روپے رہا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 2.1 ٹریلین کے مقابلہ میں 75.8 فیصد زیادہ ہے۔

پرائمری بیلنس کا حجم 3519 ارب روپے ریکارڈکیاگیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 1938.8 ارب روپے ریکارڈکیاگیا تھا۔ وزارت خزانہ کے مطابق مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں زرعی شعبے کو 1483.6 ارب روپے کے قرضہ جات فراہم کئے گئے جو گزشتہ اسی مدت کے 1279 ارب روپے کے مقابلہ میں 16 فیصد زیادہ ہے۔ نجی شعبے کو اس مدت کے دوران 563.4 ارب روپے کے قرضہ جات فراہم کئے گئے۔

گزشتہ سا ل اسی مدت میں نجی شعبے کو 155.1 ارب روپے کے قرضہ جات فراہم کئے گئے تھے۔ 10 مارچ 2025 کو پالیس ریٹ 12 فیصد ریکارڈکیاگیا جو گزشتہ سا ل18 مارچ کو 22 فیصدتھا۔ مالی سال کے پہلے 8 ما ہ میں اوسط مہنگائی کی شرح 5.9 فیصد ریکارڈکی گئی جو گزشتہ مالی سا ل کی اسی مدت میں 28 فیصد تھی۔ 21 مارچ 2024 کو پاکستان سٹاک ایکسچینج کا 100 انڈکس 65417 پوائنٹس ریکارڈکیاگیا تھا جو 21 مارچ 2025 کو ایک لاکھ 18 ہزار 442 پوائنٹس ریکارڈکیاگیا۔

سٹاک ایکسچینج کے انڈکس میں سالانہ بنیادو ں پر 81 فیصد نمو ہوئی ہے۔ 21 مارچ کو مارکیٹ کیپٹلائزیشن کا حجم 51.3 ارب ڈالر ریکارڈکیاگیا جو گزشتہ سال 21 مارچ کو 33.1 ارب ڈالر تھا۔ نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں سالانہ بنیادوں پر 26.7 فیصد کی نمو ہوئی۔وزارت خزانہ کے مطابق پیداوارمیں اضافہ کیلئے حکومت کسانوں کی مدد کر رہی ہے سازگار موسمی حالات فصلوں کی بہتر پیداوار کے لیے اہم ہیں، جو پیداوار کے ہدف کو پورا کرنے میں مدد دے سکتے ہیں۔ سیمنٹ کی فروخت، گاڑیوں کی پیداوار اور درآمدات میں اضافہ کے ساتھ ساتھ نرم زری پالیسی سے پیداوار میں اضافہ ہوگا۔