ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرراولپنڈی کی زیر صدارت ووٹر ایجوکیشن کے لئے آگاہی سیمینار کا انعقاد

منگل 25 مارچ 2025 19:24

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2025ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات کی روشنی میں نوجوانوں میں ووٹ کی اہمیت اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے آئینی کردار کے متعلق ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر راولپنڈی ذیشان خان کی زیر صدارت مسلم لا کالج راولپنڈی میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد انتخابی عمل کی اہمیت اور ایک اچھی حکومت سازی میں اس کا کردار اور نوجوانوں کو انتحابی عمل میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے اپنا حصہ ڈالنا تھا۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ذیشان خان، الیکشن آفیسر تنویر احمد ودیگر نے سیمینار سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ اکژیت کی انتخابی عمل میں شمولیت کے بغیر ملک کا ترقی یافتہ ملکوں میں شمار کرنا ممکن نہیں۔ مقررین کی جانب سے ووٹ کے اندراجات اور تبدیلی کے بارے میں آگاہی دی گئی اور انتخابی فہرستوں کی تیاری اور الیکشن کے دن ہونے والے تمام مراحل سے نوجوانوں کو مطلع کیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرراولپنڈی کا کہنا تھا کہ نوجوان اپنے ووٹ کے اندراج کیلئے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر آفس میں موجود ووٹر لسٹوں میں اپنا ووٹ چیک کریں اور ووٹ نہ ہونے کی صورت میں اپنے ووٹ کا فوری طور پر اندراج کروائیں تاکہ انتخاب کے عمل میں شمولیت کو یقینی بنا کر اپنے ووٹ کا استعمال کریں اور اچھے شہری ہونے کا ثبو ت دیں،نوجوان اپنے ووٹ کی طاقت کو پہچانیں اورکسی مخصوص فرد کے بجائے ایسے امیدواروں کا انتخاب کریں جو معاشرتی اورقومی بہتری کے لئے کام کرتے ہوں۔ شرکا نے خواتین کو بھی انتخابی عمل میں فعال طور پر حصہ لینے کی ترغیب دی۔ سیمینار کے اختتام پر طلبا کے مختلف سوالات کے مختصر اور جامع جوابات دیے گئے۔