سعودی عرب والے عید سے قبل طوفانی بارشوں کیلئے تیار ہو جائیں

مملکت کے کئی علاقوں میں طوفانی بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ، ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا

muhammad ali محمد علی منگل 25 مارچ 2025 23:51

سعودی عرب والے عید سے قبل طوفانی بارشوں کیلئے تیار ہو جائیں
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 مارچ2025ء) سعودی عرب والے عید سے قبل طوفانی بارشوں کیلئے تیار ہو جائیں، مملکت کے کئی علاقوں میں طوفانی بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ، ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں رہنے والوں کو عید کی آمد پر ٹھنڈی ٹھنڈی خوشخبری سناتے ہوئے محتاط رہنے کی ہدایت بھی کر دی گئی۔

سعودی عرب میں عید کی آمد پر موسم ٹھنڈا ہو جانے کا امکان ہے، ساتھ ساتھ سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا بھی خدشہ ہے۔ سعودی محکمہ موسمیات نے سعودی عرب میں 28 مارچ تک طوفانی بارشیں ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے، جس کے بعد سعودی محکمہ شہری دفاع کی جانب سے الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ سعودی عرب کے محکمہ شہری دفاع نے مملکت کے بیشترعلاقوں میں 28 مارچ تک شدید بارش کا الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

(جاری ہے)

سعودی محکمہ شہری دفاع کے پیغام میں مزید کہا گیا ہے کہ غیر معمولی موسمی صورتحال کے دوران شہری خود کو محفوظ مقامات تک محدود رکھیں، سیلاب سے متاثرہ مقامات، وادیوں اور نشیبی مقامات سے دور رہیں ، ایسے مقامات پر جہاں بارش کا پانی جمع ہو تیراکی سے گریز کریں۔ ممکنہ بارشوں کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ 28 مارچ تک مکہ ریجن میں درمیانے درجے سے شدید بارش متوقع ہے جس سے سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔

اسی طرح کی صورتحال باحہ، عسیر اور جازان ریجن میں بھی متوقع ہے۔ 28 مارچ تک نجران ریجن میں درمیانے درجے جبکہ مدینہ ریجن میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل بھی بارشوں کے ایک سلسلے نے سعودی عرب کے کئی علاقوں بشمول مکہ مکرمہ کو متاثر کیا تھا۔ بارشوں کے باعث رمضان المبارک کے دوران سعودی عرب کے کئی علاقوں میں موسم قدرے خوشگوار رہا۔