ڈبلیو ایچ او اور پاکستان کی تپ دق کے خاتمے کے لیے فوری سرمایہ کاری کی اپیل

بدھ 26 مارچ 2025 16:10

ڈبلیو ایچ او اور  پاکستان  کی تپ دق کے خاتمے کے لیے فوری سرمایہ کاری ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2025ء) عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) اور حکومت پاکستان نے مہلک بیماری تپ دق کے خاتمے کے لیے فوری طور پر سرمایہ کاری کرنے کی پرزور اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان دنیا میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں 5ویں نمبر پر ہے۔تپ دق (ٹی بی) کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں سپیشل سیکرٹری وزارت صحت مرزا ناصر الدین نے کہا کہ ٹی بی قابل علاج مرض ہے، حکومت پاکستان 1,900 تشخیصی سہولیات، مفت علاج اورمعیاری لیب ٹیسٹنگ کے ذریعے ٹی بی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا قومی سٹریٹجک منصوبہ باقی چیلنجوں پر قابو پانے اور وعدوں کو عملی جامہ پہنانے پر مرکوز ہے، ٹی بی سے پاک ملک کے لیے شراکت داری اور تعاون ضروری ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ٹی بی کی اطلاعات اور علاج کی کوریج میں اضافہ کیا ہے، ڈبلیو ایچ او کی تجویز کردہ تیز مالیکیولر تشخیص کو پورے ملک میں بڑھا دیا گیا ہے ۔ مرزا ناصر الدین نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او اور حکومت پاکستان ٹی بی کے کنٹرول کے پروگراموں کو مضبوط ، صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے اور ٹی بی کی تشخیص و خدمات تک رسائی اور علاج کو بڑھانے کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تپ دق قابل علاج ہے اور ہم مل کر اسے ختم کر سکتے ہیں، چیلنجوں کے باوجود پاکستان نے حکومت اور صحت کے کارکنوں کے عزم کی بدولت اہم پیشرفت کی ہے جو فرنٹ لائن پر کام کرتے ہیں۔ ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر ڈپینگ لو نے کہا اس عالمی خطرے کو ختم کرنے کے لیے عالمی ادارہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے، یہ 2030 کے ایجنڈے کو حاصل کرنے اور بڑھتی وبا کو روکنے کے لیے ضروری ہے۔ٹی بی کے عالمی دن پر ڈبلیو ایچ او ہر فرد، برادری ، معاشرے، عطیہ دہندگان اور حکومتوں سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اس مرض کے خاتمے کے لیے کردار ادا کریں۔\932

متعلقہ عنوان :