سپیشل سیکرٹری صحت و آبادی جنوبی پنجاب کا تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کوٹ ادو اور دیہی مرکز صحت سنانواں کا دورہ،طبی سہولیات کا جائزہ لیا

بدھ 26 مارچ 2025 16:19

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2025ء) سپیشل سیکرٹری محکمہ صحت و آبادی جنوبی پنجاب محمد شہباز حسین نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوٹ ادو اور دیہی مرکز صحت سنانواں کا دورہ کیا اور ادویات کی دستیابی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوٹ ادو میں ایمرجنسی ٹریٹمنٹ روم اور ایمرجنسی وارڈز میں مریضوں کوفراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔

علاوہ ازیں ڈیوٹی روسٹر کے مطابق ڈاکٹروں اور سٹاف کی حاضری کو بھی چیک کیا۔ انہوں نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے طبی سہولیات بارے دریافت کیا۔ سپیشل سیکرٹری نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوٹ ادو میں ڈرپ سیٹ بازار سے منگوائے جانے کی شکایت پربرہمی کا اظہار کیا۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو بروقت اور وافر ادویات و دیگر طبی سامان کے سٹاک کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

بعد ازاں سپیشل سیکرٹری محمد شہباز حسین نے دیہی مرکز سنانواں میں ایمرجنسی و لیبر روم میں فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے دیہی مرکز صحت سنانواں کی اپ گریڈیشن سکیم کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے خصوصی احکامات پر دور دراز علاقوں میں لوگوں کو صحت عامہ کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لئے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

بعد ازاں سپیشل سیکرٹری محمد شہباز حسین دیہی مرکز صحت تونسہ بیراج گئےجہاں انہوں نے صفائی کی ناقص صورتحال پر برہمی کا اظہار کیا۔انہوں نے ناقص تعمیراتی مواد کے استعمال پر ہسپتال میں جاری کام رکوا دیا اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی مظفرگڑھ/کوٹ ادو سے رپورٹ طلب کر لی۔انہوں نے کہا کہ سروس ڈیلیوری کو موثر بنانے کے لیے کسی سے نرمی نہیں برتی جائے گی۔