امریکا کی مذاکرات میں بڑی کامیابی، روس اور یوکرین بحیرہ اسود میں جنگ بندی پر متفق

روس نے یوکرینی توانائی انفراسٹرکچر پر حملے نہ کرنے کی پختہ یقین دہانی بھی کرائی ہے، صدر ٹرمپ

بدھ 26 مارچ 2025 16:56

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2025ء)روس اور یوکرین نے بحیرہ اسود میں محفوظ بحری آمدورفت یقینی بنانے اور ایک دوسرے کی توانائی تنصیبات پر حملے نہ کرنے پر اتفاق کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ معاہدہ امریکا کے زیر اہتمام ریاض مذاکرات کے دوران طے پایا، جس میں دونوں ممالک نے 30 روز کے لیے عارضی جنگ بندی پر بھی رضامندی ظاہر کی۔

(جاری ہے)

وائٹ ہائوس کے مطابق، امریکا نے زرعی اور کھاد کی برآمدات کے لیے روس کی عالمی منڈیوں تک رسائی بحال کرانے میں مدد فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین کے معاملے میں بہت پیش رفت ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ روس نے یوکرینی توانائی انفراسٹرکچر پر حملے نہ کرنے کی پختہ یقین دہانی بھی کرائی ہے جبکہ امریکا پائیدار امن کے حصول کے لیے بات چیت میں سہولت فراہم کرتا رہے گا۔